پاکستانی اداکارائیں سٹیڈیم پہنچیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
موجودہ پاک بھارت کرکٹ سیریز دیکھنے کے لیے بھارتی ادا کار یا اداکارائیں تو لاہور کا ایک روزہ دیکھنے کے لیے نہیں آئے لیکن پاکستان کی دو بڑی اداکاراؤں نے اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے سٹیڈیم میں بیٹھ کر میچ دیکھا۔ پاکستان کی معروف ادا کارہ اور اب ہدایت کارہ ریما کا کہنا ہے کہ وہ سٹیڈیم میں بیٹھ کر اپنی زندگی کا سب سے پہلا میچ دیکھ رہی ہیں۔ ریما کے مطابق انہیں کرکٹ کا بہت شوق ہے اور ٹی وی پر تو وہ اکثر کرکٹ میچز دیکھتی ہیں لیکن یوں سٹیڈیم میں لوگوں کے درمیان بیٹھ کر میچ دیکھنے کا یہ پہلا موقع ہے۔ گو کہ ٹی وی پر آپ ایکشن ری پلے دیکھ سکتے ہیں کھیل کی تمام باریکیوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں ’لیکن میں نے محسوس کیا کہ اس طرح لوگوں کے درمیان بیٹھ کر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کا الگ ہی مزا ہے۔‘ ریما کے مطابق پبلک میں بیٹھ کر میچ دیکھنے سے انہیں کوئی پریشانی نہیں ہوئی اور لوگوں نے انہیں بالکل تنگ نہیں کیا بلکہ خوب حوصلہ افزائی کی۔ ریما نے کہا کہ کرکٹ نے دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ’پاکستان جب بھی بھارت سے کھیل رہا ہوتا ہے تو میں ہمیشہ دعا کرتی ہوں کہ پاکستان کی ٹیم جیت جائے۔‘ میرون رنگ کی شلوار قمیض میں ملبوس ریما کا کہنا تھا کہ وہ اس سیریز میں شعیب ملک کے کھیل سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔ شعیب نے جس طرح راولپنڈی کے میچ میں اور اب لاہور کے میچ میں اپنی بیٹنگ سے ٹیم کو سنبھالا دیا ’وہ واقعی قابل تعریف ہے اور شعیب ملک میرے من پسند کھلاڑی بن گئے ہیں۔‘ ریما کو فاسٹ بالر شعیب اختر بھی بہت پسند ہیں اور لاہور کی ایک روزہ میچ میں انہیں شعیب اختر کی کمی محسوس ہو رہی ہے اور وہ دعا گو تھیں کہ شعیب اختر جلد ٹھیک ہو جائیں۔ بھارتی ٹیم میں انہیں راہول ڈراوڈ پسند ہے کیونکہ ان کی کپتانی میں ایک مضبوطی جھلکتی ہے۔ سچن تندولکر بھی ریما کو پسند ہیں لیکن عرفان پٹھان کی تو کیا بات ہے کیونکہ ریما خان کے بقول ’وہ بالر بھی اچھا ہے اور پٹھان بھی ہے۔‘ ریما سے کافی فاصلے پر لیکن اسی انکلوژر میں میرا بیٹھی ہوئی میچ سے لطف اٹھا رہی تھیں اگر چہ میرا کے بقول ان کو بھی کرکٹ کا بے حد شوق ہے لیکن کرکٹ کے بارے میں میرا کی معلومات ریما سے کافی کم تھیں۔ جب میرا سے دریافت کیا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم میں ان کا فیورٹ کون ہے تو انہوں نے اپنے ساتھ بیٹھے ہوئے بچے سے پوچھ کر بتایا کہ وسیم اکرم۔ میرا نے اسی بچے سے پوچھ کر کہا کہ پٹھان پسند ہیں اور دوسرے انڈین کھلاڑی بھی پسند ہیں لیکن ان کے نام مشکل ہیں اس لیے انہیں نہیں آتے۔ میرا کے بقول انہیں کرکٹ کا اتنا شوق ہے کہ وہ اکثر سٹیڈیم میں میچ دیکھنے آتی ہیں۔ بھارتی فلموں میں بطور ہیرؤئن کام کرنے والی پہلی پاکستانی اداکارہ میرا کا کہنا ہے کہ میدان میں ٹیموں کے درمیان کوئی دوستی نہیں اور وہ چاہتی ہیں کہ بس پاکستان ہی جیتے۔ | اسی بارے میں بھارت کی ایک اورجیت13 February, 2006 | کھیل ویزے کی مدت تین دن13 February, 2006 | کھیل تیسرا ایک روزہ: راجہ کے ساتھ لائیو 13 February, 2006 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||