ماسٹر بلاسٹر، سچن تندولکر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جب سچن تندولکر نے اپنے ہم وطن سنیل گواسکر کا چونتیس ٹیسٹ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ برابر کیا تو سنیل گواسکر نے کہا کہ’ گو کہ ہمارے پاس کوہ نور ہیرا نہیں مگر ہمارے پاس تندولکر تو ہے اور وہ کوہ نور سے زیادہ قابل قدر ہے‘۔ سری لنکا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ہوم سیریز میں سچن تندولکر نے ایک اور سنچری داغ کر پنتیس سنچریوں کے ساتھ نیا عالمی ریکارڈ بنایا اور کرکٹ کی تاریخ میں بطور عظیم بلے باز اپنا نام سنہری حروف میں تحریر کروا لیا۔ دنیا کے ہر کرکٹ کھیلنے والے ملک کے خلاف سنچری بنانے والے تندولکر کی بیٹنگ میں ایک فن پوشیدہ ہے اور ان کا نام دنیائے کرکٹ کے عظیم بلے باز سر ڈونلڈ بریڈ مین کے ساتھ لیا جاتا ہے۔ مبصرین کرکٹ کے بقول تندولکر کے پاس فن بھی ہے اور عقل و دانش بھی۔ان کے پاس صرف پیدائشی ہنر ہی نہیں بلکہ وہ وقت کے ساتھ ساتھ اس ہنر میں نکھار بھی لائے ہیں۔ تینتیس سالہ تندولکر ممبئی میں پیدا ہوئے اور ممبئی کی جانب سے ہی فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلتے ہیں۔ جب انہوں نے سنہ انیس سو نواسی میں محض سولہ سال کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیرئر کی پہلی سیریز میں پاکستان کے خلاف دو نصف سنچریاں سکور کیں تو اسی وقت کرکٹ کے پنڈتوں نے اس ہیرے کی چمک کو پہچان لیا تھا۔ سچن تندولکر نے اب تک ایک سو چھبیس ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں اور تقریباً ستاون کی اوسط سے 10323 رنز بنائے ہیں جس میں ان کی پینتیس سنچریاں اور اکتالیس نصف سنچریاں شامل ہیں۔ٹیسٹ میچ میں ان کا سب سے زیادہ سکور 248 رن ہے۔ تندولکر بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ ایک روزہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی ہیں۔ ان 358 میچوں میں تندولکر چوالیس کی اوسط سے 13909 رنز بنا چکے ہیں جن میں 38 سنچریاں اور 71 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ سچن تندولکر بیٹنگ ہی کے ماسٹر نہیں بلکہ وہ اپنی لیگ بریک گگلی سے حریف بیٹس مین کو بھی کافی ہراساں کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ٹیسٹ میچز میں سینتیس اور ایک روزہ میچز میں ایک سو چالیس وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ سچن تندولکر نے بھارتی ٹیم کی کپتانی بھی کی لیکن بطور کپتان وہ اتنے کامیاب نہ ہو سکے اور کپتانی کے دباؤ کے سبب ان کی کارکردگی بھی متاثر ہوئی تاہم یہ بوجھ اترتے ہی تندولکر پھر اپنے جوبن پر نظر آئے۔ ہمیشہ خوش باش نظر آنےوالے سچن تندولکر کافی خوش اخلاق بھی ہیں اسی لیے پاکستانی کرکٹ شائقین نہ صرف ان کے کھیل بلکہ شخصیت کو بھی پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس پاک بھارت سیریز میں سچن کا کھیل دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔ | اسی بارے میں تندولکر اپنے انداز سے مطمئن27 April, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||