’پاکستان بھارت کو ہرا دے گا‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عمران خان نے بھارتی ٹیم کے پاکستان دورے کے لیے پاکستان کی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ’ پاکستان اس وقت بھارت کی ٹیم سے بہت اچھا کھیل رہی ہے اور پاکستان بھارت کے خلاف سیریز جیت لے گا‘۔ عمران خان نے انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں پاکستان کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں سیریز سے پہلے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ پاکستان انگلینڈ کے خلاف اتنا زبردست کھیل پیش کرے گا۔ راولپنڈی میں چوتھے ون ڈے میچ کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ٹیم نے اپنی پرفارمنس سے سب کو حیران کر دیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے اپنے دونوں بیٹوں کے ہمراہ راولپنڈی سٹیڈیم کے فضل محمود انکلوژر میں بیٹھ کر چوتھا ایک روزہ میچ دیکھا۔ عمران خان نے کہا کہ جب وہ کھلاڑی تھے تو ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر میچ دیکھتے تھے اور اب وہ ایک کرکٹ شائق کی حثیت سے میچ دیکھ رہے ہیں اور خاصا مختلف محسوس کر رہے ہیں۔ عمران خان نے پاکستان ٹیم کے کپتان انضمام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ’پاکستان کی موجودہ کارکردگی میں کپتان کا بہت بڑا ہاتھ ہے۔انہوں نے کہا کہ بہترین کپتانی کے ساتھ ساتھ انضمام خود بھی بہت اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور چوتھے ایک روزہ میں بھی انہوں نے صحیح معنوں میں کپتان کی اننگز کھیلی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ سال کے آغاز میں آسٹریلیا سے ہارنے کے بعد جس طرح انضمام نے ٹیم کا مورال بلند کرکے ایک متحد ٹیم بنائی ہے قابل تعریف ہے۔ عمران خان نے کہا کہ شعیب اختر کا فٹ ہونا بھی پاکستان کے لیے بہت اچھا ثابت ہوا۔ انہوں نےکہا کہ شعیب کی وجہ سے پاکستان نے بہت سی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ان کے ان فٹ ہونے پر انہیں غلط طریقے سے ہینڈل کیا گیا تھا۔ عمران کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کو ایک اچھے اوپنر کی ضرورت ہے جو کسی اچھی بالنگ کے سامنے کھڑے رہنے کی اہلیت رکھتا ہو اور فاسٹ بالروں خصوصا محمد سمیع کے لیے فاسٹ بالنگ کوچ مقرر کرنے کی ضرورت ہے۔ سابق کپتان عمران خان نے کہا کہ ’سلیمان اور قاسم کو نیا نیا کرکٹ کا شوق ہوا ہے اور وہ اسے کچھ کچھ سمجھنے لگے ہیں لہذا ان کی خواہش پر میں انہیں میچ دکھانے لایا ہوں اور میچ دیکھنے کا اصل مزا تو لوگوں کے درمیان بیٹھ کر ہی آتا ہے‘۔ عمران خان کے بڑے بیٹے سلیمان نے کہا کہ انہیں میچ دیکھ کر بہت مزا آ رہا ہے۔ سلیمان نے کہا کہ اسے پتہ ہے کہ اس کے والد ایک بہت بڑے کھلاڑی تھے اور وہ ٹی وی پر ان کے میچ دیکھ کر بہت خوش ہوتا ہے۔ سلیمان کو کرکٹ بہت پسند ہے اور وہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہے۔ شعیب اختر اور شاہد آفریدی اس کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ قاسم کو شاہد آفریدی بہت پسند ہیں کیونکہ وہ چھکے لگاتے ہیں۔ آفریدی کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی کیون پیٹرسن بھی قاسم کو اسی لیے پسند ہیں۔ | اسی بارے میں عمران سمیع کی کوچنگ کریں گے19 December, 2005 | کھیل چوتھا میچ بہت اہم ہے: انضمام 18 December, 2005 | کھیل سنسنی خیز میچ، پاکستان کی فتح19 December, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||