چیمپیئنز ٹرافی میں آسٹریلیا فاتح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے شہر چنئی (مدراس) میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں کے فائنل میں آسٹریلیا نے ہالینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ اولمپکس چیمپیئن آسٹریلیا نے سن انیس سو ننانوے کے بعد پہلی مرتبہ چیمپیئنز ٹرافی جیت کر جرمنی کا نو بار ٹورنامنٹ جیتنے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ ٹورنامنٹ کے دیگر میچوں میں گزشتہ سال کے فاتح سپین نے جرمنی کو پانچ دو سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی ااور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ پانچویں پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں پاکستان نے بھارت کو چار تین سے ہرا کر اسے اگلے سال جولائی میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں سے باہر کر دیا۔ چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں آسٹریلیا نے بائیسویں منٹ میں اس وقت برتری حاصل کی جب میتھیو ویلز کی پینلٹی کارنر ہٹ گول کیپر کو چھوتی ہوئی گول میں چلی گئی۔ میچ کے دوسرے ہاف کے دوسری ہی منٹ میں آسٹریلیا کے لیام دی ینگ نے گول کر کے سکور دو صفر کر دیا۔ جیمی ڈوائر نے کھیل کے اکسٹھویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کر دی۔ ہالینڈ کی طرف سے میچ کا واحد گول ٹیکے ٹیکیمہ نے کھیل ختم ہونے سے پانچ منٹ پہلے کیا۔ تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے میچ میں سپین کے پانچوں گول فیلڈ گول تھے۔ سپین کی طرف سے سانتی فریکسا اور پیبلو امنت نے دو دو جبکہ الیکس فیبریگاس نے ایک گول کیا۔ جرمنی کی طرف سے گول مورٹز فرسٹے اور ماٹیاس وٹاس نے کیے۔
پاکستان نے بھارت کو چار تین سے ہرا کر نہ صرف راؤنڈ روبن سٹیج پر بھارت کے ہاتھوں اپنی شکست کا بدلہ لیا بلکہ اسے جولائی میں سپین میں ہونے والے چیمپیئنز ٹرافی مقابلوں سے بھی باہر کر دیا۔ بھارت نے کنول پریت سنگھ اور پربھجوت سنگھ کے گولوں کے ذریعے میچ میں پہلے برتری حاصل کی۔ پاکستان نے محمد عمران، اختر علی، کپتان محمد ثقلین اور ریحان بٹ کے ذریعے اوپر تلے چار گول کر کے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ میچ کا وقت ختم ہونے سے چھ منٹ پہلے بھارت کے کپتان گگن اجیت سنگھ نے ایک گول کر پاکستان کی برتری کم کر دی لیکن وہ پاکستان کو جیتنے سے نہ روک سکے۔ | اسی بارے میں ہاکی: بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا11 December, 2005 | کھیل چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہاکی ٹیم کا انتخاب19 November, 2005 | کھیل پاکستانی کپتان پر پابندی01 December, 2005 | کھیل ہاکی: ثقلین کی اپیل منظور09 December, 2005 | کھیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||