قومی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انگلینڈ کےخلاف ہوم سیریز کی تیاری کےلئے جمعہ سے شروع ہونے والے قومی کیمپ کے پچیس کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں چار مستند لیگ اسپنرز شامل ہیں لیکن کوئی بھی لیفٹ آرم اسپنر نہیں ہے۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم میں لیفٹ آرم اسپنر ایشلے جائلز شامل ہیں جبکہ پاکستان کرکٹ کی بدقسمتی یہ ہے کہ اسے اقبال قاسم کے بعد کوئی بھی ورلڈ کلاس لیفٹ آرم اسپنر میسر نہیں آسکا ہے اس دوران کئی لیفٹ آرم بولرز منظرعام پر آئے اور پس منظر میں چلے گئے۔ سلیکٹرز نے دانش کنیریارا، مشتاق احمد، منصورامجد اور عمران طاہر کو کیمپ میں شامل کیا ہے جبکہ شاہد آفریدی بھی لیگ اسپن بولنگ کرتے ہیں ان کے علاوہ آف اسپنر ارشد خان اور شعیب ملک بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ مشتاق احمد کاؤنٹی کرکٹ کی عمدہ کارکردگی کی بنا پر سلیکٹر کوچ اور کپتان کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں حالانکہ اسی اعتماد کی بنا پر دوسال قبل بھی وہ جنوبی افریقہ کے خلاف آزمائے گئے تھے لیکن ان کا تجربہ ٹیم کے کام نہیں آسکا تھا۔ سلیکشن کمیٹی نے یاسرحمید کو ان کھلاڑیوں میں جگہ نہیں دی ہے دوسال قبل تک وہ پاکستان کے سب سے باصلاحیت کرکٹر کے طور پر پہچانے جانے والے یاسرحمید اب کیمپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں بھی جگہ نہیں بناسکے ہیں جس کا سبب سلیکٹر اور کوچ ان کی غیرمستقل مزاج کارکردگی کو قرار دیتے ہیں لیکن یہ بات بھی نظرانداز کرنے والی نہیں کہ یاسر حمید تجربے کی نذر کردیئے گئے ہیں۔ کبھی اوپنر اور کبھی ون ڈاؤن کی پوزیشن پر کھلاکر انہیں سیٹ ہونےکا موقع ہی نہیں دیا گیا۔ کوچ باب وولمر کہتے ہیں عمران فرحت اور توفیق عمر کی کارکردگی اب ماضی بن گئی ہے لیکن وہ اس بارے میں کیا کہیں گے کہ آخری سولہ ٹیسٹ اننگز میں پاکستان نے آٹھ اوپننگ پیئرز تبدیل کئے تجربات کی اس آنکھ مچولی میں پاکستانی ٹیم صرف ایک اوپننگ سنچری پارٹنرشپ اور چار نصف سنچری شراکتیں قائم کرسکی اور اس ایک سنچری شراکت اور دو نصف سنچری شراکتوں میں یاسرحمید شریک ہیں۔ غیرمعمولی کارکردگی نہ ہونے کے باوجود عمران فرحت بھی کیمپ کا حصہ ہیں جو گزشتہ سال بھارت کے خلاف لاہور ٹیسٹ کی سنچری کے بعد سے ابتک گیارہ اننگز میں صرف دو نصف سنچریاں ہی بناسکے ہیں۔ کوچ کپتان اور چیف سلیکٹر کے حالیہ بیانات یہ ظاہر کررہے ہیں کہ بازیدخان اور شعیب ملک کی شکل میں نیا اوپنرپیئر تیار کرنے کا فیصلہ ہوچکا ہے حالانکہ یہی لوگ ہر پوزیشن پر اسی کا اسپیشلسٹ کھلاڑی کھلانے کی باتیں کرتے آئےہیں۔ قومی کیمپ کے ممکنہ کھلاڑی یہ ہیں: انضمام الحق، سلمان بٹ، شعیب ملک، یونس خان، محمد یوسف، حسن رضا، عبدالرزاق، کامران اکمل، دانش کنیریا، عمرگل، محمد سمیع، رانا نوید الحسن ، شبیراحمد، شعیب اختر، محمد آصف، عمران طاہر، مشتاق احمد، عاصم کمال، شاہدآفریدی، بازیدخان،شاہد نذیر، فیصل اقبال، منصورامجد، عمران فرحت اور ارشدخان۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||