سکواش: کارلا خان کا ایک اور اعزاز | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جہانگیر خان سکواش کمپلیکس واہ میں تیس اگست سے دو ستمبر تک ہونے والا پاکستان میں خواتین کا پہلا انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ انگلینڈ میں مقیم پاکستانی کھلاڑی کارلا خان نے جیت لیا۔ جمعے کو ہونے والے فائنل میں ٹورنامنٹ کی فرسٹ سیڈ کارلا خان نے ٹورنامنٹ کی سیکنڈ سیڈ ملائیشیا کا شیرون وی کو با آسانی تین سٹریٹ گیمز میں 1/9 ،3/9 ،4/9 کے سکور سے شکست دی۔ عالمی رینکنگ میں تیئیسویں نمبر پر پاکستانی کھلاڑی کارلا خان نے اس پورے ٹورنامنٹ میں زبر دست کھیل کا مظاہرہ کیا اور تمام میچز میں ناقابل شکست رہیں۔ کارلا خان نے تمام میچز تین سٹریٹ گیمز سے جیتے اور کسی میچ کا ایک گیم بھی نہیں ہاری۔ فائنل میں بھی کارلا نے اپنی اس کارکردگی کا تسلسل قائم رکھا اور تمام میچ میں کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی۔ کارلاخان جو کہ ٹورنامنٹ جیت کر بہت خوش تھیں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ چھ سال سے جس بھی انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ میں شرکت کرتی ہیں تو پاکستانی کی حثیت سے ہی کھیلتی ہیں تاہم باقاعدہ طور پر پاکستان کی نمائندگی وہ پہلی بار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی ماہ ایران میں ہونے والی وومین اسلامک گیمز میں بھی وہ پاکستان کی سکواش ٹیم کی رکن ہوں گی۔ اس ٹورنامنٹ کے مین راؤنڈ میں سولہ کھلاڑیوں نے شرکت کی جن میں کارلا خان سمیت سات لڑکیاں پاکستان سے تھیں جبکہ نو کا تعلق دوسرے ممالک سے تھا۔ کارلا خان کے علاوہ پاکستان کی کوئی کھلاڑی پہلےراؤنڈ سے آگے نہ بڑھ سکی تھی۔ اس ٹورنامنٹ کی انعامی رقم سات ہزار امریکی ڈالر تھی اور کارلا خان نے ٹورنامنٹ جیت کر اس رقم کا سب ے بڑا حصہ وصول کیا۔ اس ٹورنامنٹ کے فائنل پر مہمان خصوصی ورلڈ سکواش فیڈریشن کے صدر اور ماضی میں پاکستان کے مایہ ناز سکواش کے کھلاڑي جہانگیر خان تھے۔ جہانگیر خان نے کہا کہ اس وومین انٹرنیشنل سکواش ٹورنامنٹ کے انعقاد سے پاکستان میں خواتین میں سکواش کے کھیل کی مقبولیت مین اضافہ ہو گا۔ جہانگیر خان نے کہا کہ جو غیر ملکی کھلاڑی خواتین یہاں کھیل کر جا رہی ہیں وہ یقینناّ پاکستان سے اچھا تاثر لے کر جائیں گی اور ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے بارے میں بہتر تاثر کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||