سنسنی خیز میچ، انگلینڈ کی فتح | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ٹرینٹ برج میں انگلینڈ نےایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو شکست دے دی ہے۔ انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف سات وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔انگلینڈ کی جانب سے ایشلےجائلز نو جبکہ میتھیو ہوگارڈ آٹھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس فتح سے انگلینڈ کو سیریز میں دو۔ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہو گئی ہے۔ انگلینڈ کی جانب سے سٹراس اور ٹریسکوتھک نے اننگز کا آغاز کیا تھا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ بتیس کے سکور پرگری جب ٹریسکوتھک ستائیس رن بنا کر شین وارن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ مائیکل وان بنا کوئی رن بنائے شین وارن کا دوسرا شکار بنے۔ اینڈریو سٹراس تیئیس رن بناکر شین وارن کی ہی گیند پر کیچ ہوئے۔ این بیل تین کے انفرادی سکور پر بریٹ لی کا شکار بنے۔
کیون پیٹرسن تیئیس رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ فلنٹوف چھبیس رن بنا کر بریٹ لی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انگلینڈ کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی جونز تھے جو تین رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین وارن نے چار اور بریٹ لی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کے چوتھے دن چائے کےوقفے سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں تین سو ستاسی رن بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی شان ٹیٹ تھے جو چار رن بنا کر ہارمیسن کا تیسرا شکار بنے۔ بریٹ لی چھبیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ مائیکل کیسپرووچ نے انیس رن بنائے۔ انہیں ہارمیسن نےآؤٹ کیا۔ شین وارن نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پنتالیس رن بنائے۔ انہیں جائلز نے آؤٹ کیا۔
بریٹ لی، سائمن کیٹچ کے آؤٹ ہونے کے بعد کھیلنے آئے جو انسٹھ رن بنا کر ہارمیسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تھے۔ اس سے پہلے ایڈم گلکرسٹ کو گیارہ کے سکور پر ہوگارڈ نے آؤٹ کیا۔ مائیکل کلارک نے نصف سنچری سکور کی لیکن وہ کھانے کے وقفے سے کچھ دیر قبل چھپّن رن بنا کر ہوگارڈ کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ ہوگئے۔ برطانوی بالروں نے آج شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے ہارمیسن نے تین، ہوگارڈ اور فلنٹوف اور جائلز نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔ آج جب میچ شروع ہوا تو آسٹریلیا کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے سینتیس رن کی ضرورت تھی اور اس کی چھ وکٹیں باقی تھیں۔
اس سے قبل میچ کے تیسرے دن انگلینڈ نے آسٹریلیا کو فالو آن پر مجبور کر دیا تھا اور جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں چار وکٹ کھو کر 222 رن بنائے تھے۔ انگلینڈ ٹیم: مارکس ٹریسکوتھک، اینڈریو سٹراس، مائیکل وان، این بیل، کیون پیٹرسن، اینڈریو فلنٹاف، گیرئنٹ جونز، ایشلے جائلز، میتھیو ہوگارڈ، سٹیو ہارمیسن، اور سائمن جونز۔ آسٹریلوی ٹیم: جسٹن لینگر، میتھیو ہیڈن، رکی پونٹنگ، ڈیمیئن مارٹن، مائیکل کلارک، سائمن کیٹچ، ایڈم گلکرسٹ، شین وان، بریٹ لی،شان ٹیٹ اور کیسپروچ۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||