جمیکا میں شعیب ملک اوپنر؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ویسٹ انڈیز کے خلاف جمیکا میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو اوپننگ میں مشکلات کا سامنا ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان نے ٹیم میں واپس آنے والے شعیب ملک کو اوپنر کے طور پر آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ ابھی تک پاکستان نے اپنی ٹیم کا اعلان نہیں کیا لیکن پاکستان کیمپ سے ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ یاسر حمید کے ساتھ شعیب ملک اننگز کا آغاز کریں گے۔ شعیب ملک کے اوپننگ کرنے کی صورت میں سلمان بٹ کی ٹیم میں شمولیت مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ شعیب ملک نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں تیرہ جبکہ دوسرے میچ میں اکاون رنز بنائے تھے۔ وہ تیسرے میچ میں کھیلنے والے پاکستان سکوارڈ کا حصہ تو تھے لیکن انہوں نے بیٹنگ نہیں کی تھی۔ دوسری طرف ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں زخمی ہونے والے تیز بولر فیڈل ایڈورڈز کی جگہ ٹینو بیسٹ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فیڈل ایڈورڈز جنہوں نے باربیڈوس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پانچ پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کر کے ویسٹ انڈیز کی جیت کی راہ ہموار کر دی تھی دوسری اننگز میں ایک وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہیمسٹرنگ کی وجہ سے گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔ وہ میچ کے چوتھے دن بھی کھیلنے کے لیے نہیں آئے۔ ویسٹ انڈیز نےفیڈل ایڈورڈز کی جگہ ٹینو بیسٹ کو کھلانے کے علاوہ ٹیم میں اور کوئی تبدیلی نہیں کی ہے اور وہی ٹیم جمیئکا کے سبینا پارک میں تین جون کو ہونےوالے دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلے گی جو باربیڈوس میں پہلا ٹیسٹ کھیلی تھی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلا ٹیسٹ پاکستان کی دو سو چھہتر رنز سے ہرا دیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||