BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 28 May, 2005, 14:06 GMT 19:06 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
میچ پر ویسٹ انڈیز کی گرفت

برائن لارا
ویسٹ انڈیز کی 573 رن کی برتری کے جواب میں تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان نے ایک سو تیرہ رنز بنائے تھے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

باربیڈوس میں پہلے ٹیسٹ میچ کا تیسرا دن مکمل طور پر ویسٹ کا دن تھا۔ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی پاکستان پر حاوی رہے۔ اگرچہ ویسٹ انڈیز کی وکٹیں ہائنڈز کے آؤٹ ہونے کے بعد وقفے وقفے سے گرتی رہیں لیکن پھر بھی چندرپال ایک اینڈ سنبھالے رہے اور سکور کرتے رہے۔

اس کے برعکس پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور دن کے اختتام پر پاکستان نے چار وکٹ کے نقصان پر 113 رنز بنائے اور خراب روشنی کی وجہ سے کھیل روکنا پڑا۔

دن کے اختتام پر شاہد آفریدی 32 رنز پر کھیل رہے تھے جبکہ عاصم کمال نے 38 رنز بنائے تھے۔

ویسٹ انڈیز نے چندرپال کے 153 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کی بدولت دوسری اننگز میں 371 رنز بنائے۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کو کل ملا کر 572 رنز کی لیڈ ملی اور پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 573 رنز کا ٹارگٹ۔

یہ دنیا کی کسی بھی ٹیم کے لیے ایک بہت بڑا ٹارگٹ ہے لیکن پاکستان کی اس ٹیم میں جس میں انضمام، یوحنا اور شعیب ملک نہیں کھیل رہے یہ ناممکن حد تک مشکل ٹارگٹ نظر آتا ہے۔ ویسے کرکٹ میں کچھ بھی ہو سکتا اور حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

جیسا کہ باربیڈوس میں تین بجکر چھپن منٹ پر بارش شروع ہو گئی۔ پھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی اور گراؤنڈز مین کبھی وکٹ کو ڈھانپتے اور کبھی اس پر سے کپڑا اٹھاتے رہے۔بارش زیادہ دیر تو نہ چلی اور کھیل دوبارہ شروع کر دیا گیا لیکن بارش کا کیا بھروسہ۔ بارش پاکستان کو بچائے یا نہ بچائے پاکستانی کھلاڑی میچ بچانے کے لیے بالکل تیار نظر نہیں آتے۔

بارش کے بعد جیسے ہی میچ شروع ہوا تو دوسری ہی گیند پر اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بازید خان کولیمور کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے چار چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے۔

پاکستان کے پہلے دو کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سلمان بٹ فیڈل ایڈورڈز کے پہلے اوور کی تیسری گیند پر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت پاکستان کا سکور صفر تھا۔ ان کے کچھ دیر بعد میچ کے تیسرے اوور میں یونس خان ایک ایسا رن لینے کی کوشش میں آؤٹ ہوئے جس کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔ جب یونس آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا سکور ایک تھا۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر حمید تھے جو امپائر کے متنازعہ فیصلے کا شکار بنے اور ایک ایسی گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے جو کہ نو بال تھا۔ لیکن امپائر نے اسے نہیں دیکھا مگر وہ ٹی وی پر صاف نظر آ رہا تھا۔

اس سے قبل پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز چندرپال اور ہائنڈز نے نہایت اطمینان سے کھیلتے ہوئے دن کا آغاز کیا اور پہلے گھنٹہ میں تو صرف 34 رنز بنائے لیکن اس کے بعد تیز کھیلنا شروع کر دیا۔

لنچ کے وقفے سے پہلے پاکستان کو تیسرے روز کی پہلی کامیابی اس وقت حاصل ہوئی جب دانش کنیریا نے ویول ہائنڈز کو 52 رنز کے سکور پر بولڈ کیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے۔ لنچ کے بعد فوراً ہی شاہد آفریدی نے براؤن کو ایک کے سکور پر آؤٹ کر دیا۔ ان کا کیچ کامران اکمل نے لیا۔ اس کے بعد بولنگ میں تبدیلی کر کے رانا نوید کو لایا گیا جنہوں نے اپنے پہلے ہی اوور میں پاول کو بولڈ کر ڈالا۔

کپتان چندرپال جنہوں نے پہلی اننگز میں بانوے رنز بنائے تھے اور آٹھ رنز سے اپنی چودھویں ٹیسٹ سنچری مکمل نہیں کر سکے تھے دوسری اننگز میں دس چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 153 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایڈورڈز اور کنگ کو شبیر نے آؤٹ کیا جبکہ کولیمور کا وکٹ عبدالرزاق نے لیا۔

پاکستان نے تیسرے روز کے کھیل میں کوئی اتنی اچھی فیلڈنگ بھی نہیں کی اور دو کیچ چھوڑے ہیں۔

پاکستان کی ٹیم: یاسر حمید، سلمان بٹ، شاہد آفریدی، بازید خان، یونس خان، عبدالرزاق، کامران اکمل، عاصم کمال، دانش کنیریا، رانا نوید، شبیر احمد اور شاہد نذیر بارہویں کھلاڑی ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم: کرسٹوفر گیل، ڈیون سمتھ، رام ناریش ساروان، برائن لارا، شیو نارائن، چندرپال، ویول ہائنڈز، کورٹنی براؤن، ڈیرن پاول، فیڈل ایڈورڈز، ریون کنگ، کوری کولیمور شامل ہیں جبکہ آئین بریڈشا بارہویں کھلاڑی ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد