جنوبی افریقہ کے کپتان پر پابندی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ پرآئندہ چار میچوں کے لیے پابندی لگا دی گئی ہے، اس طرح وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ سیریز کے آئندہ دو میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ گریم سمتھ پر یہ پابندی گزشتہ بدھ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچ میں سست اوور ریٹ کی وجہ سے لگائی گئی ہے۔ اگلے چار میچ نہ کھیل سکنے کے علاوہ گریم سمتھ کو میچ فیس کا تیس فی صد جرمانہ میں دینا ہوگا۔ ایک سال کے دوران انہیں دوسری مرتبہ جرمانہ کیا گیا ہے۔اُن پر حالیہ پابندی میچ ریفری جیف کرو نے لگائی ہے۔ گریم سمتھ کی غیر حاضری میں جنوبی افریقہ کی قیادت شون پولوک کریں گے۔ کپتان کے علاوہ جنوبی افریقہ کے دو دیگر کھلاڑیوں، مکایائینی اور چارلس لینگفیلڈ کو بھی ایمپائر کے فیصلہ سے پہلے ہی وکٹ کا جشن منانے پر جرمانہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے گراہم سمتھ پر گزشتہ ستمبر میں چیمپئن ٹرافی کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں پابندی لگائی گئی تھی۔ ایک سال میں دوسری مربتہ خلاف ورزی کرنے پراب ان پر پابندی لیول ون سے بڑھا کر لیول ٹو میں بدل دی گئی ہے۔
ریفری جیف کرو نے کہا ’ اسی قسم کی ایک پیشی پر گزشتہ ستمبر میں گریم سمتھ کوبتایا گیا تھا کہ بحیثیت کپتان وہ سست اوور ریٹ کے ذمہ دار ہیں۔اس کے بعد بھی ان کو کئی دفعہ خبردار کیا گیا تھا۔‘ پابندی پر تبصرہ کرتے ہوئے گریم سمتھ نے کہا کہ وہ فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کریں گے تاہم وہ پابندی سے متعلق ضوابط سے خوش نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ’مجھے نہیں پتا کہ میں چار میچوں کی پابندی کے فیصلے سے اتفاق کرتا ہوں یا نہیں لیکن مجھے اس فیصلے کو قبول کرنا ہے۔ میں فیصلے کی تعمیل کروں گا، تاہم میں یہ بات انٹرنیشنل کرکٹ کونسل پر چھوڑتا ہوں کہ وہ ضوابط پر نظرثانی کرے۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||