ویسٹ انڈیز کو ہیٹ ٹرک لے ڈوبی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
باربیڈوس میں تیسرے ایک روزہ کرکٹ میچ کے آخری اوور میں کارل لینگولٹ کی ڈرامائی ہیٹ ٹرک کی بدولت جنوبی افریقہ نے میزبان ویسٹ انڈیز کو ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد صرف ایک رن سے ہرا دیا۔ ویسٹ انڈیز کو آخری اوور کی آخری تین گیندوں پر جیت کے لیے صرف دو رن درکار تھے لیکن پھر بھی ویسٹ انڈیز یہ میچ ایک رن سے اس وقت ہارگیا جب اس کے آخری تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے لینگولٹ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ ٹاس جیتنے کے بعد ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ بوئٹا ڈپینار اور ژاک کیلس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت جنوبی افریقہ نے مقررہ پچاس اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر دو سو چوراسی رن بنائے۔ ڈپینار نے ایک سو تئیس جبکہ کیلس نے ستاسی رن سکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایئن بریڈشا اور ڈوین براوو نے دو دو وکٹ حاصل کیے۔ جواب میں کارل لینگولٹ نے ویسٹ انڈیز کے دونوں سٹار بلے بازوں چندرپال اور لارا کو تھوڑے سے سکور پر ہی آؤٹ کر دیا تھا تاہم کرس گیل کی شاندار سنچری نے ان کی ٹیم کو تقریباً یقینی فتح تک پہنچا دیا۔ لیکن آخری اوور میں لینگولٹ کی زبردست بولنگ نے بازی الٹ دی اور جنوبی افریقہ کو فتح سے ہمکنار کر دیا۔ انہوں نے باسٹھ رن کی عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ پہلے دو ایک روزہ میچ بھی جیت چکا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||