فرانس کی ٹور ڈی فرانس نامی مشہور سائیکل ریس کے لیجنڈ لانس آرمسٹرانگ اس سال جولائی میں ہونے والی ریس میں شرکت کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔  | 1971: لانس آرمسٹرانگ کا کیریئر 1971: ڈیلس، ٹیکساس میں پیدا ہوئے 1991: امریکی قومی ایمیچیؤر چمپیئن کا اعزاز حاصل کیا 1993: ٹور ڈی فرانس کے پہلے مرحلے میں کامیاب رہے لیکن ریس مکمل نہ کر پائے 1996: خصیوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی 1997: کینسر سے صحت یاب ہوئے اور امریکی پوسٹل ٹیم میں شمولیت اختیار کی 1999: پہلی بار ٹور ڈی فرانس جیتی 2004: متواتر چھٹی بار ٹور ڈی فرانس کے فاتح رہے 2005: ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا |
لانس آرمسٹرانگ کا تعلق امریکی ریاست ٹیکساس سے ہے اور ان کی عمر تیس برس ہے۔ وہ پیرس میں یہ ریس چھ بار جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ انیس سو ننانوے میں پہلی بار ٹور ڈی فرانس جیتنے سے پہلے وہ خصیوں کے کینسر جیسے مہلک مرض سے نجات حاصل کر کے رو بصحت ہو گئے تھے۔ لانس آرمسٹرانگ منگل کو ٹور ڈی جارجیہ میں شرکت کریں گے جو کہ امکان ہے کہ امریکہ میں ان کی آخری سائیکل ریس ہو گی۔ لانس آرمسٹرانگ کا کہنا ہے کہ وہ یقین سے تو نہیں کہہ سکتے کہ وہ ریس جیتیں گے یا نہیں لیکن وہ کہتے ہیں کہ وہ کوشش ضرور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس بار یہ ریس جیت جاتے ہیں تو وہ جدید تاریخ میں یہ ریس جیتنے والے عمر رسیدہ ترین چمپیئن ہوں گے۔ وہ کہتے ہیں کہ انہیں ریس میں واپس آنے کی کشش تو ضرور ہو گی لیکن ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے اور وہ اس پر سو فیصدی قائم ہیں۔ |