آفریدی سنچری کے قریب | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کانپور میچ میں بھارت کے 250 رنز کے ٹارگٹ کا تعاقب کرتے ہوئے شاہد آفریدی کی ایک اور برق رفتار اننگز کے نتیجے میں پاکستان نے پہلے 14 اوور میں127 رنز بنائے ہیں۔ پاکستان کے دونوں اوپنر ابھی کریز پر ہیں لیکن پاکستانی اننگز کی خاص بات شاہد آفریدی کی انتہائی دھواں دھار بلے بازی تھی۔ انہوں نے 44 گیندوں پر 9چھکوں اور 9 چوکوں کی مدد سے 98 رن بنائے ہیں۔ آفریدی نے 222.5 کے سٹرائیک ریٹ سے رن بنائے۔ان کے ساتھ سلمان بٹ 20 رنز پر کھیل رہے ہیں۔ اس سے قبل آفریدی نے جب 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تو یہ بھارت کے خلاف کسی بھی ٹیم کے کھلاڑی کی تیز ترین نصف سنچری ہے۔ اس سے قبل بھارت نے مقررہ 50 اووروں میں 6 وکٹ کے نقصان پر 249 رن بنائے تھے۔ بھارت کی جانب سے ابتداء میں ہی چار وکٹ گر جانے کے بعد کپتان راہول ڈراوڈ اور محمد کیف نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو مشکلات سے نکالا اور اننگز کو مستحکم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں سکور کیں اور پانچویں وکٹ کی شراکت میں 135 رن سکور کیے۔ راہول ڈراوڈ میچ کے آخری اوور میں 86 رن بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ محمد کیف نے 88 کیندوں پر 78 رن بنائے۔ سورو گنگولی کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے دنیش مونگیا 33 رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ اس سے قبل جمعہ کی صبح جب میچ شروع ہوا تو آغاز میں ہی پاکستانی بولر رانا نوید الحسن نے تباہی مچا دی اور بھارت کے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا۔ میچ کے تیسرے اوور میں ہی نوید الحسن نے سچن تندولکر کو ایک رن پر آؤٹ کر دیا۔ ان کا کیچ کامران اکمل نے لیا۔ میچ کے پانچویں اوور میں نوید الحسن نے سہواگ کو پانچ کے سکور پر آؤٹ کیا۔ اس وقت بھارت کا مجموعی سکور گیارہ تھا۔ساتویں اوور کی آخری گیند پر یونس خان نے نوید کی ہی گیند پر دھونی کا کیچ پکڑ کر بھارت کے لیے مشکلات بڑھا دیں۔ دھونی گیارہ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے ستروویں اوور میں جب سکور 59 پر پہنچا تو یوراج سنگھ بھی 18 رنز بنا کر عبدالرزاق کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ محمد کیف کو بھی 78 کے انفرادی سکور پر عبدالرزاق نے آؤٹ کیا۔ کانپور میں اب تک کھیلے گئے ون ڈے میچوں میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے بنایا جانے والا سب سے زیادہ سکور 259 رن ہے۔ بھارت کی ٹیم: وریندر سہواگ، سچن تندولکر، ایم ایس دھونی، راہول ڈراوڈ (کپتان)، یوراج سنگھ، محمد کیف، ہربھجن سنگھ، دنیش مونگیا، ظہیر خان، بالاجی، انیل کمبلے۔ پاکستان کی ٹیم: سلمان بٹ، شاہد آفریدی، شعیب ملک، انضمام الحق (کپتان)، یوسف یوحنا، عبدالرزاق، کامران اکمل، یونس خان، افتخار انجم، نوید الحسن، ارشد خان۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||