’کانپور میں بھی تین سو رن ہوں گے‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چھ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں یوں تو دو دو میچ جیت کر برابری پر ہیں لیکن جمشیدپور اور احمدآباد کے شاندار مظاہرے کے بعد اب پاکستان کا پلڑا بھاری نظر آتا ہے۔ یہ خبر کافی گردش کر رہی ہےکہ سورو گانگولی کپتانی سنبھالنے کے لیے کانپور آسکتے ہیں کیونکہ آئی سی سی نے انہیں اپیل کی سماعت کے دوران کھیلنے کی اجازت دیدی ہے۔ لیکن چیف سیلکٹر کرن مورے نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کا کوئی امکان نہیں ہے۔ راہول ڈراوڈ کا کہناتھا کہ اس معاملے کی تفصیلات ٹیم کو معلوم نہیں ہیں اور ٹیم اس انداز میں کل کے میچ کی تیاری کر رہی ہے کہ اسے گنگولی کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ اس سیریز پر گرمی اور ٹاس کے اثر کے بارے میں بہت کچھ کہا گیا ہے لیکن شاید ہی اب سے پہلے کبھی چار لگاتار میچوں میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے تین سو سے زیادہ رن بنائے ہوں۔ اور اگر کانپور کے میدان کے کیوریٹر کی بات مانی جائے تو یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔
شیو کمار ڈیڑھ مہینے سے گرین پارک کی وکٹ تیار کر رہے ہیں اور انہیں یہ ماننے میں کوئی جھجھک نہیں کہ اس وکٹ سے بولرز کو کسی قسم کی مدد کی امید نہیں رکھنی چاہیے۔ راہول ڈراوڈ کا بھی یہی خیال ہے کہ وکٹ میں اچھال کم ہوگا اور بولرز کو کافی مشقت کرنی پڑےگی۔ اگر ماضی کا ریکارڈ دیکھا جائے تو کانپور میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور دو سو انسٹھ رن ہے جو ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چھ سال پہلے بنایاتھا۔ اب تک تو ٹاس جتیے والی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن یہاں کا ریکارڈ دیکھتے ہوئے شاید کل ایسا نہ ہو کیونکہ ہندوستان نے اس میدان پر اپنے آٹھ میں سے چھ میچ جیتے ہیں، اور ان میں سے پانچ مرتبہ اس نے بعد میں بیٹنگ کی تھی۔ لیکن یونس خان نے واضح کیا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ پہلے بیٹنگ ہی کریں گے۔ ڈراوڈ نے کہا کہ کل کا میچ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ایک اور شکست کے نتیجے میں سیریز جیتنے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔ کل کے میچ میں سورو گنگولی کی جگہ دنیش مونگیا کو شامل کیےجانے کا امکان ہے۔ لیگ اسپنر انیل کمبلے ٹیم میں واپس آگئے ہیں اور امکان ہے کہ انہیں مرلی کارتک کی جگہ کھلایا جائے گا۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہربھجن سنگھ کو لگاتار دوسرے میچ میں باہر بیٹھنا پڑےگا۔ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ نائب کپتان یونس خان نے کہا کہ ٹیم میں کسی تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سبھی کھلاڑی فٹ ہیں۔ انضمام نے اگرچہ دانش کنیریا سے احمدآباد میں صرف تین اوورز کرائے تھے، لیکن ماہر اسپنر کے رول میں کل بھی دانش ہی میدان میں اتریں گے۔ یونس خان سے جب پوچھا گیا کہ کیا پی سی بی کی جانب سے انضمام الحق کے لیے دس لاکھ روپے کے انعام سے ٹیم کا حوصلہ اور بلند ہوا ہے، تو انہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ وہ ہم سب کے لیے بھی ایسا ہی اعلان کر دیں۔ کانپور کے لوگوں میں میچ کے بارے میں بے حد دلچسپی پائی جاتی ہے حالانکہ پولیس کے حفاظتی انتظامات سے سبھی لوگ پریشان ہیں۔ صرف ٹیم کے ہوٹل میں تین سو پولیس والے تعینات ہیں۔ اسٹیڈیم میں یوں تو چالیس ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن ٹکٹوں کی مانگ اتنی زیادہ ہے کہ لوگ پاس فری میں حاصل کرنے کی نہیں بلکہ خریدنے کی پیش کش کرتے پھر رہے ہیں۔ کل درجہ حرارت اڑتیس ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔ میچ مقامی وقت کے مطابق نو بجے شروع ہو گا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||