پاکستان پہلا ون ڈے ہار گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت کے شہر کوچی میں ہونے والے چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 87 رنز سے شکست دے دی ہے۔ بھارت کے 281 رنز کے جواب میں پاکستان کی ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہیں کھیل سکا اور پوری کی پوری ٹیم چھیالیسویں اوور میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے کپتان انضمام الحق اور محمد حفیظ نے تھوڑا بہت زور لگایا لیکن ان کی کوشش ناکافی تھی۔ انضمام کو 37 کے سکور پر تندولکر نے بولڈ کیا۔ محمد حفیظ بھی تندولکر کا شکار بنے۔ وہ 42 رنز بنا کر پاکستان کی طرف سے ٹاپ سکورر رہے۔
مین آف دی میچ کا اعزاز بھارتی بلے باز وریندر سہواگ کو ملا۔ انہوں نے 95 گیندوں پر 108 رنز بنائے۔ سہواگ نے اپنی سنچری 89 گیندوں پر نو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے مکمل کی۔ بھارت کی طرف سے سچن تندولکر بیٹنگ میں تو کوئی کارکردگی نہ دکھا پائے لیکن اس کا بدلہ انہوں نے بولنگ میں لیا۔ انہوں نے اپنے دس اوورز میں 50 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔ اس سے قبل بھارت کی ٹیم 281 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ بھارت کی اننگز میں وریندر سہواگ اور راہول ڈراوڈ کی شاندار سنچریاں تھیں۔ ڈراوڈ 104 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
بھارت کی طرف سے بھی ڈراوڈ اور سہواگ کے علاوہ کوئی بلے باز بھی اچھی اننگز نہ کھیل سکا۔ سہواگ اور سچن تندولکر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسرے ہی اوور میں تندولکر اور ان کے بعد کپتان گنگولی نوید الحسن کی گیندوں پر آؤٹ ہو گئے۔ بعد میں آنے والے محمد کیف بھی اس میچ میں کوئی کارکردگی نہیں دکھا سکے اور ارشد خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ میزبان ٹیم نے بنگلور ٹیسٹ میں حصہ لینے والے ٹیم میں پانچ تبدیلیاں کی ہیں۔ پاکستان نے بنگلور ٹیسٹ جیت کر ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر کر دی تھی۔ کوچی کے ایک روزہ میچ کے لیے بھارتی ٹیم میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں میں یوراج سنگھ، محمد کیف، مہندرا دھونی، ظہیر خان اور اشیش نہرا شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم نے سلمان بٹ، شعیب ملک، محمد حفیظ اور نوید الحسن کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||