آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ جیت گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ دوسری اننگز میں شین وارن کی پانچ وکٹوں کی بدولت آسٹریلیا نے ٹیسٹ کے چوتھے دن ہی فتح حاصل کر لی۔ یہ انتیسواں موقع ہے جب شین وارن نے کسی ٹیسٹ کی ایک اننگز میں پانچ یا اس سے زیادہ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔ کھیل کے چوتھے دن کھانے کے وقفے پر نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹ کے نقصان پر اٹھہتر رن بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد کوئی کھلاڑی شین وارن کی بولنگ کے سامنے نہ ٹھہر سکا اور نیوزی لینڈ کی پو ری ٹیم ایک سو اکتیس رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیا کو میچ جیتنے کے لیے ایک سو بتیس رن کا ہدف ملا جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ آسٹریلیا کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی میتھیو ہیڈن تھے جو ڈینیئل ویٹوری کی گیند پر کمنگز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے جسٹن لینگر نے بہّتر جبکہ رکی پونٹنگ نے سنتالیس رن بنائے۔ اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم جسے پہلی اننگز میں صرف ایک رن کی لیڈ ملی تھی دوسری اننگز میں آسٹریلوی بالروں کا مقابلہ نہ کرسکی۔ نیوزی لینڈ کے پانچ کھلاری دوہرے ہندسوں میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ دوسری اننگز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے بڑا انفرادی سکور چوبیس رنز تھا جو کہ میکلم نے بنایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے شین وارن نے پانچ، گلسپی نے تین جبکہ میگراتھ اور کاسپرووچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے چار سو تینتیس جبکہ آسٹریلیا نے چار سو بتیس رن بنائے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||