بنگلہ دیش: شکست پر کوچ کا دفاع | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بنگلہ دیش کی کرٹ ٹیم کے کوچ ڈیو واٹمور نے بھارت کے ہاتھوں اننگز کی شکست کے بعد اپنی ٹیم پر ہونے والی تنقید کو مسترد کیا ہے۔ بھارت کے ہاتھوں ایک اننگز اور ایک سو چالیس رن سے شکست کے بعد کہا گیا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل سکتی۔ بنگلہ دیش کی ٹیم کو تینتیس میچوں میں سے تیس میں شکست ہوئی ہے۔ ڈیو واٹمور نے کہا کہ ’مجھے پورا یقین ہے کہ بنگلہ دیش میں بھی اسی طرح کا ٹیلنٹ ہے جیسا برضعیر میں کہیں اور موجود ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ ’ذرائع ابلاغ کے لیے کہنا آسان ہے کہ کھلاڑیوں کی تکنیک ٹھیک نہیں، یہ غلط ہے‘۔ بنگلہ دیش کے کوچ نے کہا ہے کہ دونوں اننگز میں نئی بال سے ٹیم کو نقصان اٹھانا پڑا۔ پہلی اننگز میں پچاس کے سکور پر پانچ کھلاڑی آؤٹ ہو گئے تھے اور دوسری میں چھتیس پر۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ پاکستان کے دورے دوران بنگلہ دیش کی ٹیم ملتان ٹیسٹ جیتنے کے بالکل قریب پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں لوگوں کے جذبات کا اندازہ ہے لیکن انہیں تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ’لڑکے جان بوجھ کر ایسا نہیں کر رہے‘۔ بھارتی ٹیم کے کپتان سورو گنگولی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم نے میچ کے کچھ حصوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ بھی کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے بالروں نے دوسرے دن کے آغاز میں اچھا کھیل پیش کیا تھا اور بھارت کے ابتدائی تین کھلاڑی جلد آؤٹ کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کچھ کیچ بھی چھوڑے لیکن وہ ابھی بین الاقوامی کرکٹ میں نئے ہیں اور انہیں سیکھنے کے لیے کچھ وقت ملنا چاہیے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||