سپین چیمپیئنز ٹرافی جیت گیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سپین نے اتوار کو ہالینڈ کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرا کر پہلی مرتبہ چمپئنز ٹرافی جیت لی۔ فائنل کا نتیجہ غیر متوقع تھا کیونکہ ہالینڈ کی ٹیم فائنل جیتنے کے لیے فیورٹ تھی۔ تاہم سپین کے کھلاڑیوں نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور تمام میچ میں چھائے رہے۔ پہلے ہالف کے ختم ہونے پر سپین صفر کے مقابلے میں ایک گول سے جیت رہا تھا۔یہ گول پاء کیومادا نے اٹھارویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر کیا۔ ہالینڈ نے دوسرے ہالف میں پینلٹی کارنر پر گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ تاہم سپین ٹیم نے ہالینڈ کے گول پوسٹ پر حملے جاری رکھے۔ سپین نے دوسرا گول بیالیسویں منٹ میں پینلٹی کارنر پر کیا۔ یہ گول سینتی آگو فریکزا نے کیا۔ تیسرا گول وِکٹر سوجو نے کیا۔ یہ فیلڈ گول تھا۔ ساٹھویں منٹ میں ہالینڈ کے کیرل کلیور نے فیلڈ گول کر کے سپین کی برتری کم تو کی تاہم سپین کے فارورڈ سینتی آگو فریکزا نے ایک اور فیلڈ گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کی۔ سپین اور ہالینڈ کے کھیل میں فرق پینلٹی کارنر کی تعداد سے بھی ظاہر ہے۔ ہسپانیہ نے چار جبکہ ہالینڈ نے صرف ایک پینلٹی کارنر حاصل کیا۔ سپین کے کوچ مورخ ہینڈرکس اور کپتان جون ایسکارا نے اپنی جیت کو ٹیم کی مجموعی کوشش قرار دیا۔ سپین کے کوچ کے مطابق ہالینڈ نے گول کرنے کے کئی مواقع ضائع کیے جس کی قیمت انہیں شکست کی صورت میں ادا کرنی پڑی۔ ہالینڈ فائنل تو ہار گیا لیکن مین آف دی ٹورنامنٹ ہالینڈ کے کھلاڑی کیرل کلیور کو قرار دیا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||