اٹلی نےعراق کو تین صفر سے ہرایا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ایتھنز میں کھیلے جانیوالے اولمپک گیمز کے فٹ بال کے مقابلے میں کانسی کے تمغہ کیلئے اٹلی کی ٹیم نے عراق کو شکست دیدی ہے۔ فٹ بال کے فائنل میں اب سنیچر کو ارجینٹینا اور پیراگوئے کا مقابلہ ہوگا۔ عراق میں اغواکاروں کے ہاتھوں اطالوی صحافی اینزو بالدونی کا قتل کھیل کے دوران چھایا رہا کیونکہ اطالوی کھلاڑیوں نے بالدونی کی یاد میں اپنے بازؤں پر کالی پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ عراقی فٹ بال ٹیم، جو کئی برسوں کے بعد اولمپکس میں شامل ہوئی ہے، حیرت انگیز طور پر کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے میڈل حاصل کرنے کے قریب تر پہنچ چکی تھی۔ لیکن اٹلی نے اسے صفر کے مقابلے تین سے شکست دیدی۔ مقابلے میں کامیابی کے بعد اٹلی فٹ بال ٹیم کے کوچ کلوڈیو جنٹیئل نے کہا: ’ہم خوشی منانے کے ماحول میں نہیں ہیں۔‘ عراقی فٹ بال ٹیم کے کوچ عدنان حماد نے کہا کہ ان کے کھلاڑی بھی اطالوی کھلاڑیوں کے غم میں شریک ہیں۔ عدنان حماد کا کہنا تھا: ’ہم اٹلی سے آئے ہوئے اپنے بھائیوں اور دوستوں کے جذبات میں شریک ہیں۔‘ ایتھنز میں اٹلی اور عراق کے درمیان فٹ بال کا یہ میچ کافی سنجیدہ ماحول میں کھیلا گیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||