 |  ٹورنامنٹ مسلسل بارش سے متاثر ہورہا ہے۔ |
ہالینڈ میں جاری تین ملکی ٹورنامنٹ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والا کرکٹ میچ بارش کی نذر ہو گیا اور اس کے ساتھ ہی اس ٹورنامنٹ میں انڈیا کی تمام امیدوں پر بھی پانی پھر گیا ہے۔ اب ہفتے کے روز پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان فائنل ہوگا لیکن اس روز بھی بارش کی پشین گوئی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ مسلسل بارش کی نذر ہورہا ہے اور اس سے پہلے آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان ہونے والا میچ بھی بارش کی وجہ سے ختم کرنا پڑا تھا۔ ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے ہندوستان کو چھیاسٹھ رنز سے ہرا دیا تھا۔ یہ میچ بھی بارش کی وجہ سے متاثر ہوا تھا۔ آسٹریلیا کے فائنل میں جانے کے لیے بدھ کو ہونے والے میچ میں اس کے لئے پاکستان کو ہرانا ضروری تھا۔ دوسری صورت میں فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونا تھا۔ |