بھارتی ہاکی ٹیم کے کوچ برطرف | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں ہاکی کے چیف کوچ راجندر سنگھ کو پیر کے روز اولمپکس کے آغاز سے چند ہفتے پہلے برخاست کر دیا گیا ہے۔ انڈیئن ہاکی فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گِل نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران بتایا کہ یہ فیصلہ راجندر سنگھ کی موجودگی میں دیگر کوچوں کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے دوران کیا گیا ہے۔ جرمنی کے گیئرہارڈ راک کو بھارتی ہاکی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ راجندر سنگھ قومی ہاکی ٹیم میں ڈیفنڈر رہ چکے ہیں اور اس وقت جرمنی کے شہر ڈسلڈورف میں ملکی ٹیم کے ہمراہ ہیں جہاں اولمپکس کی تیاریاں جاری ہیں۔ ہاکی فیڈریشن کے صدر کے پی ایس گِل نے بتایا کہ جرمنی کے سابق اولمپیئن اولیور کرذ اور جگبیر سنگھ بدستور بھاتی ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے اور کھلاڑیوں کو بھی اس فیصلے پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ پی ایس گِل کا کہنا ہے کہ ٹیم سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ نئے کوچ کے زیر تربیت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ تاہم ہاکی کے سابقہ کھلاڑی ظفر اقبال کا کہنا ہے کہ ’ کھلاڑیوں کے لیے اولمپکس سے پہلے نئےگیم پلان سے ہم آہنگی پیدا کرنا مشکل ہو گا جو ایسے وقت میں زیادہ ساز گار بات معلوم نہیں ہوتی۔‘ ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ہاکی ٹیم میں اب بھی پینلٹی کارنر لگانے والے سپیشلسٹ کھلاڑی کی کمی ہے۔ راجندر سنگھ کو 2002 میں کوالا لمپور میں ہونے والے عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے دوران کوچ کے فرائض سونپے گئے تھے۔ اس وقت سیڈرِک ڈیسوزا کو کوچ کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ راجندر سنگھ کے زیر تربیت بھارتی ہاکی ٹیم گزشتہ برس کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی تھی لیکن اس برس اسے بعض ٹورنامنٹ میں ناکامی کا سامنا رہا ہے جس میں نیدرلینڈ کے خلاف تین مقابلوں کی سیریز میں شکست بھی شامل ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||