وقار یونس، رفتار سے گفتار کے افق پر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وقار یونس نے اپنی تیز رفتار ان سوئنگ اور یارکر گیندوں سے حریف بیٹسمینوں پر لرزہ طاری کر دینے کے بعد نیا اسپیل شروع کر دیا ہے جس میں وہ گیند کے بجائے لفظوں سے کھیلیں گے۔ سری لنکا میں جاری ایشیا کپ کے میچوں کی کمنٹری کرنے والے ٹی وی چینل نے وقار یونس کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ ان میچوں کی کمنٹری کرنے والی ٹیم میں وسیم اکرم بھی شامل ہیں۔ وسیم اکرم گزشتہ سال بنگلہ دیش اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی گئی سیریز سے اس ٹی وی چینل سے وابستہ ہوئے ہیں تاہم وہ اس سے قبل بھی وقتاً فوقتاً کمنٹری کرتے رہے ہیں۔ وقار یونس نے کولمبو میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ میں پہلی مرتبہ مائیک سنبھالا۔ وسیم اکرم دمبولا میں ہونے والے میچوں میں تبصرے کر رہے ہیں۔ وقار یونس نے، جو وسیم اکرم کے بعد ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی بولر ہیں، اس سال بھارت کے خلاف ہوم سیریز میں موقع نہ ملنے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا تھا کہ وہ کرکٹ سے کسی نہ کسی طور رابطہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ عام خیال یہی تھا کہ وہ کوچنگ کا راستہ اختیار کریں گے لیکن لگتا ہے کہ انہوں نے بھی اپنے بولنگ پارٹنر کی طرح رفتار کے بعد گفتار کے ذریعے دنیا کو مسخر کرنے کا ارادہ کرلیا ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||