شہریار کی صدر مشرف سے ملاقات | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے بدھ کو صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ روایتی پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات بڑے خوشگوار انداز میں ہوئی جس میں شہریار خان نے صدر مشرف کو ابتک کی اپنی کارکردگی بھارت کے خلاف ہوم سیریز اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے بارے میں قائم کمیٹی کے بارے میں بتایا۔ پریس ریلیز کے مطابق جواب میں صدر مشرف نے بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کافی دنوں سے صدر جنرل پرویز مشرف سے ملاقات کے خواہشمند تھے۔ پاکستانی میڈیا میں پچھلے کچھ دنوں سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان اور چیف ایگزیکٹیو رمیز راجہ کے درمیان جاری مبینہ سرد جنگ کے بارے میں تواتر سے خبریں شائع ہو رہی ہیں جس کی دونوں تردید کرتے رہے ہیں۔ صدر جنرل پرویز مشرف سے شہریار خان کی ملاقات کو بھی بعض ذرائع اسی تناظر میں دیکھ رہے تھے کہ شہریارخان صدر سے مستقبل میں اپنے بعض اقدامات کے سلسلے میں صدر مشرف کی آشیرباد لینا چاہتے ہیں ۔ حال ہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایڈوائزری کونسل میں لیفٹننٹ جنرل عارف حسن کی شمولیت کو بھی حیرانگی سے دیکھا جارہا ہے جنہیں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کا عہدہ سنبھالے زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||