پاک بھارت سیریز پر رپورٹ مکمل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر ہارون رشید نے بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے بارے میں اپنی مفصل رپورٹ پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کے سپرد کر دی ہے۔ بی بی سی کے استفسار پر ہارون رشید نے اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے مذکورہ رپورٹ پی سی بی کے حوالے کر دی ہے جس کے لئے انہیں کہا گیا تھا تاہم ہارون رشید نے رپورٹ کے بارے میں تفصیلات بتانے سے معذرت کرتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ یہ ایک تفصیلی رپورٹ ہے جس میں بھارت کے خلاف ہونے والی حالیہ سیریز کے ہر پہلو کا احاطہ کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہوم سیریز کے اختتام پر منیجر سے رپورٹ طلب کی ہے۔ عام طور پر غیر ملکی دورے سے واپسی پر منیجر حضرات اپنی رپورٹ مرتب کر کے کرکٹ بورڈ کے حوالے کرتے ہیں۔ ہارون رشید کے خیال میں اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ بھارت کے خلاف ہونے والی ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز غیرمعمولی اہمیت کی حامل تھیں۔ بھارت کے خلاف سیریز کے بعد ہارون رشید نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات بھی کی تھی۔ شہریار خان نے کوچ جاوید میانداد، کپتان انضمام الحق، یوسف یوحنا اور فاسٹ بولر شعیب اختر سے بھی ملاقاتیں کی تھیں۔ بحیثیت پاکستان کرکٹ ٹیم کے منیجر ہارون رشید کے معاہدے کی معیاد بھارت کے خلاف سیریز کے اختتام پر پوری ہو چکی ہے لیکن تاحال پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان سے معاہدے کی تجدید کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا۔ ہارون رشید گزشتہ سال ورلڈ کپ کے بعد سے منیجر کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||