گنگولی فٹ، ظہیروطن واپس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کا دورہ کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم اپنے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کے ساتھ ساتھ فٹنس مسائل کے ضمن میں بھی شہ سرخیوں میں ہے۔ فاسٹ بولر ظہیرخان جو ملتان ٹیسٹ میں ہمسٹرنگ انجری کا شکار ہوگئے تھے پیر کو وطن واپس جارہے ہیں۔ لیکن مہمان ٹیم کو یہ اچھی خبر بھی سننے کو ملی ہے کہ کپتان سورو گنگولی فٹ ہوکر سات اپریل کو پاکستان واپس آرہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ راولپنڈی ٹیسٹ میں بھارت کی قیادت کرینگے۔ ظہیرخان کو دوسری مرتبہ ہمسٹرنگ کی تکلیف نے ٹیم سے باہر ہونے پر مجبور کردیا ہے اس سے قبل وہ آسٹریلیا کے دورے میں پہلے ٹیسٹ میں ہمسٹرنگ ہونے کے سبب پورے دورے سے باہر ہوگئے تھے۔ ظہیرخان کی میڈیکل رپورٹ کے بعد یہ طے پایا ہے کہ انہیں مکمل علاج اور آرام کے لئے بھارت واپس بھیج دیا جائے ۔ فاسٹ بولر اشیش نہرا ہاتھ کا زخم ٹھیک ہونے کے بعد پاکستان واپس آچکے ہیں لیکن بھارتی ٹیم کے قریبی ذرائع کے مطابق لاہور ٹیسٹ میں ان کے بجائے اجیت اگرکار کو بالاجی کی جگہ ٹیم میں شامل کئے جانے کا امکان ہے ۔ سوروگنگولی کمر کی تکلیف کے سبب پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے کلکتہ میں ڈاکٹروں نے طبی معائنے کے بعد ان کی تکلیف کو خطرناک قرار نہیں دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ صرف مسل کی تکلیف ہے۔ گنگولی کی غیرموجودگی میں ملتان ٹیسٹ میں راہول ڈریوڈ نے بھارتی ٹیم کی قیادت کی تھی جس میں بھارت نے اننگز اور 52 رنز کی شاندار کامیابی حاصل کی جو پاکستان کی سرزمین پر اس کی پہلی جیت بھی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||