انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش جائے گی

،تصویر کا ذریعہBCB
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کے باوجود انگلش کرکٹ ٹیم کے اکتوبر میں بنگلہ دیش کے دورے پر جانے کی تصدیق کر دی ہے۔
ای سی بی نے اس بات کا فیصلہ جمعرات کو ہونے والے اجلاس کے بعد کھلاڑیوں اور حکام کے ساتھ بات چیت اور بنگلہ دیش میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں کی سکیورٹی کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔
انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش میں سات اکتوبر سے یکم نومبر کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
یہ میچ بنگلہ دیش کے دو شہروں چٹا گانگ اور ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے ایک کیفے میں شدت پسندوں نے حملہ کر کے 20 یرغمالیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس واقعے کے بعد آسٹریلیا نے سکیورٹی خدشات کی بِنا پر اکتوبر میں ہونے والا اپنا دورۂ بنگلہ دیش منسوخ کر دیا تھا۔
ای سی بی کے کرکٹ ڈائریکٹر اینڈریو سٹراس کا جمعرات کو ہونے والے اجلاس کے بعد کہنا تھا ’کھلاڑیوں اور مینیجمنٹ کی سلامتی اور تحفظ ہمیشہ سے ہی اہمیت کی حامل رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے بنگلہ دیش کی موجودہ صورتِ حال اور حکام کی جانب سے سکیورٹی کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
سٹراس کے مطابق ’ہم نے تمام کھلاڑیوں اور مینیجمنٹ کے ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان ایئن مورگن نے رواں ہفتے ایک بیان میں کہا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کو زبردستی بنگلہ دیش کا دورہ کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔



