’توجہ نہیں دیں گے تو کیچ ڈراپ ہوں گے‘

مشتاق احمد کے مطابق کھلاڑی کسی اہم مقام پر کیچ ڈراپ کرتا ہے تو اس سے میچ کا پانسہ پلٹ جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمشتاق احمد کے مطابق کھلاڑی کسی اہم مقام پر کیچ ڈراپ کرتا ہے تو اس سے میچ کا پانسہ پلٹ جاتا ہے
    • مصنف, غضنفر حیدر
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں گیند ہوا میں زیادہ سوئنگ ہوتی ہے اس لیے اگر کھلاڑی توجہ نہیں دیں گے تو کیچ ڈراپ ہوں گے۔

مشتاق احمد نے اوول کے میدان میں جاری چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ میں کنڈیشنز مختلف ہوتی ہیں۔

٭ <link type="page"><caption> معین علی نے انگلینڈ کو بچا لیا، پاکستان کو ایک نقصان</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2016/08/160811_pak_eng_oval_test4_day1_rwa" platform="highweb"/></link>

٭ <link type="page"><caption> اوول ٹیسٹ: پہلے دن کے کھیل کی تصاویر</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/multimedia/2016/08/160811_pak_eng_oval_pics_ra" platform="highweb"/></link>

ان کا کہنا تھا کہ ’انگلش ٹیم نے بھی اس سیریز میں نو سے دس کیچ ڈراپ کیے ہیں لیکن اگر کھلاڑی کسی اہم مقام پر کیچ ڈراپ کرتا ہے تو صورتحال تبدیل ہوجاتی ہے۔ ‘

جمعرات کو چوتھے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن جب کھیل کا آغاز ہوا تو سلپ میں کھڑے افتخار احمد نے پہلے ایلسٹر کک کا کیچ چھوڑا اور بعد میں اظہر علی نے ایک اہم موقع پر محمد عامر کی گیند پر معین علی کا کیچ ڈراپ کر دیا جنھوں نے بعد میں سنچری سکور کی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ مصباح الحق کے سلپ میں نہ کھڑے ہونے کے سوال پر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ ’مصباح کا مڈ آف پر کھڑے رہنا اس لیے ضروری ہے کہ وہ بولروں سے باآسانی بات کرسکیں۔‘

مشتاق احمد کے ساتھ پریس کانفرنس میں فاسٹ بولر سہیل خان بھی موجود تھے جنھوں نے ایک بار پھر اچھی بولنگ کا مظاہرہ کیا اور پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

سہیل خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ جن کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے کے بعد انھوں نے جارحانہ انداز میں ہاتھ لہرائے ان کا جب وہ بطورِ بیٹسمین سامنا کریں گے تو انھیں کیسا لگے گا؟

اس کے جواب میں سہیل خان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب باتیں میچ میں چلتی رہتی ہیں اور معمول کا حصہ ہیں، میدان کے باہر ہم سب دوست ہیں اور اس میں پریشانی کی کوئی بات نہیں، یہ سب پریشر ڈالنے کا طریقہ ہے۔‘