صدر اور میراڈونا کی استدعا: ’ریٹائرمنٹ پر نظرثانی کرو‘

،تصویر کا ذریعہOther

ارجنٹینا کے صدر موریسیو میکری اور مایہ ناز فٹبالر ڈیئگو میراڈونا نے لیونل میسی سے استدعا کی ہے کہ فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر نظرثانی کریں۔

ارجنٹائن کے 29 سالہ فٹبالر لیونل میسی نے کوپا امریکہ کے فائنل میں اپنی ٹیم کی چلی کے ہاتھوں شکست کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ یہ ارجٹینا کی نو سالوں میں چوتھی بڑی شکست تھی۔

میراڈونا نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا ’جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ میسی کو ریٹائر ہو جانا چاہیے وہ لوگ یہ دیکھ نہیں سکتے کہ ارجنٹینا کی فٹ بال کس حال میں ہے۔‘

میراڈونا 1986 میں کپتان تھے جب ارجنٹینا نے فیفا ورلڈ کپ جیتا اور وہ 2010 ورلڈ کپ میں ٹیم کے مینیجر تھے۔

میراڈونا نے کہا ’میسی کو کھیلتے رہنا چاہیے کیونکہ وہ 2018 میں روس میں ہونے والے ورلڈ کپ میں چمپیئن بن سکتے ہیں۔ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تاکہ میسی اس ٹیم کو آگے لے کر چلے۔‘

ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے میسی کا کہنا تھا ’ قومی ٹیم کے لیے میرا سفر تمام ہوا۔ میں جو کر سکتا تھا، کر لیا۔ چیمپیئن نہ بننے کادکھ ہے۔‘

ارجنٹائن کے ٹی وی پر بات پر کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’میں اپنی قومی ٹیم کی جانب سے دوبارہ نہیں کھیلوں گا۔‘

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ارجنٹینا کے صدر موریسیو نے میسی کو فون کیا اور ان کو بتایا کہ وہ ’ٹیم کی پرفارمنس پر فخر کرتے ہیں اور تنقید پر کان نہ دھرو‘۔

میسی نے بارسلونا کلب کی طھرف سے کھیلتے ہوئے آٹھ لا لیگا ٹائٹلز اور چار چیمپپیئنز لیگ چیتی ہیں۔

واضح رہے کہ سنہ 2008 کے بیجنگ اولمپک میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے کے بعد لیونل میسی نے کوئی بڑا بین الاقوامی اعزاز نہیں جیتا۔

.