میسی کے نام سب سے زیادہ گول کرنے کا قومی ریکارڈ

،تصویر کا ذریعہAFP
ارجنٹائن کے معروف فٹبالر لیونل میسی نے اپنے ملک کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
انھوں نے یہ کارنامہ کوپا امریکہ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں امریکہ کے خلاف سر انجام دیا۔
28 سالہ لیونل میسی نے اس میچ میں ارجنٹائن کی جانب سے مجموعی طور پر 55 واں گول کر کے اپنے ہم وطن گیبرئیل بیٹسٹوٹا کے 54 گول کرنے کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
منگل کو کھیلے جانے والے کوپا امریکہ کے پہلے سیمی فائنل میں ارجنٹائن نے امریکہ کو چار صفر کے واضح فرق سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ارجنٹائن کی جانب سے ایزکوئل لاویسی نے لیونل میسی کی مدد سے میچ کا پہلا گول کیا۔
اس کے بعد میسی نے فری کک کے ذریعے شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کی سبقت کو دگنا کر دیا۔
ارجنٹائن کی جانب سے گونزولا ہیگوین نے مزید دو کر کے اپنی ٹیم کو کوپا امریکہ کپ کے فائنل میں پہنچا دیا۔
میچ کے بعد میسی نے کہا کہ’میں بیٹسٹوٹا کا ریکارڈ توڑنے پر بہت خوش ہوں اور اس کے ساتھ ساتھ اپنے ساتھی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔‘
کوپا امریکہ کا دوسرا سیمی فائنل بدھ کو کولمبیا اور چلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔



