سپین میں میسی کےخلاف مقدمے کی سماعت شروع

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالرلائنل میسی پر بیرون ملک اکاونٹ کھول کر ٹیکس بچانے کے الزام میں مقدمے کی کارروائی شروع ہو گئی ہے۔
مقدمے کی کارروائی کا آغاز 31 مئی کو سپین میں ہوا اور کارروائی تین روز تک جاری رہ سکتی ہے۔
میسی اور ان کے والد جارج پر الزام ہے کہ انھوں نے لیونل میسی کی تصاویر کے حقوق سے حاصل ہونے والی آمدن سے ہسپانوی حکام کو ٹیکس کی مد میں 50 لاکھ امریکی ڈالر ادا نہیں کیے۔

،تصویر کا ذریعہReuters
ٹیکس جمع کرنے والے محکمے کے وکلا نے عدالت سے دونوں ملزمان کو 22 ماہ قید کی سزا دینے کی درخواست کی ہے۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ جارج نے سنہ 2007 سے 2009 کے دوران اپنے بیٹے کی امیج رائٹس سے ہونے والی آمدن پر ٹیکس کی ادائیگی سے بچنے کے لیے بیلیز اور یوروگوئے میں رجسٹرڈ کمپنیوں کو استعمال کیا۔
لیونل میسی کے وکلا کا موقف رہا ہے کہ ان کےموکل نے’زندگی میں کبھی اپنے معاہدوں کو نہ تو پڑھا اور نہ ہی ان کا جائزہ لیا۔‘
میسی چار مرتبہ فیفا کے سال کے بہترین عالمی کھلاڑی رہ چکے ہیں اور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین فٹبالروں میں ہوتا ہے۔
اگست 2013 میں میسی اور ان کے والد نے پچاس لاکھ یورو کی رقم ٹیکس کی عدم ادائیگی اور سود کی مد میں واپس کر چکے ہیں۔
میسی سے علاوہ بارسلونا کلب کے برازیلی فٹبالر نیمار کے خلاف بھی ٹیکس فراڈ کا مقدمہ چلانے کا امکان ہے۔

،تصویر کا ذریعہAFP



