میسی کا بارسلونا سے نیا معاہدہ

میسی کو 13 سال کی عمر میں بارسولنا ایکیڈمی میں داخلہ دیا گیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمیسی کو 13 سال کی عمر میں بارسولنا ایکیڈمی میں داخلہ دیا گیا

ارجنٹائن کے فٹبالر لائنل میسی نے اپنے ہسپانوی فٹبال کلب بارسلونا سے سنہ 2019 تک کلب کی نمائندگی کا نیا معاہدہ کر لیا ہے۔

بارسلونا کے لیے رواں سیزن کے 43 میچوں میں 41 گول کرنے والے میسی نے گزشتہ برس ہی کلب سے معاہدہ کیا تھا جو سنہ 2018 میں ختم ہونا تھا تاہم اب اس نئے معاہدے میں ایک برس کا اضافہ ہوا ہے۔

ہسپانوی کلب نے میسی سے معاہدے کی تصدیق تو کی ہے لیکن اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

تاہم ہسپانوی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق نئے معاہدے کے تحت میسی کو ہر برس ایک کروڑ 63 لاکھ پاؤنڈ ادا کیے جا ئیں گے اور اگر یہ درست ہے تو اس معاہدے کے نتیجے میں وہ دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی بن جائیں گئے۔

یاد رہے کہ اس وقت مانچسٹر یونائیٹڈ کے فاروڈ وین رونی دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں۔ انھوں نےاس سال فروری میں اپنے کلب سے نیا معاہدہ کیا تھا جس کے بعد ان کی تنخواہ ایک کروڑ 56 لاکھ پاؤنڈ فی سیزن طے کی گئی تھی۔

15.6 ملین پاؤنڈ حاصل کرنے والے رونی دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشن15.6 ملین پاؤنڈ حاصل کرنے والے رونی دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی ہیں

بارسلونا کے کوچ جیرارڈو مارٹن کا کہنا ہے کہ ’اس نئے معاہدے سے میسی کو اور خاص طور سے کلب کو اطمینان ملےگا جو دنیا کے بہترین کھلاڑی پر انحصار کرنا جاری رکھے گا۔‘

میسی کو 13 سال کی عمر میں بارسلونا کی فٹبال اکیڈمی میں داخلہ دیا گیا جس کے بعد انھوں نے 2004 میں کلب کی طرف سے پہلا میچ کھیلا۔ وہ اب تک بارسلونا کی نمائندگی کرتے ہوئے 405 میچوں میں 342 گول کر چکے ہیں۔

اس دوران بارسلونا نے 21 بڑے ٹورنامنٹ جیتے ہیں جن میں چھ لا لیگا لیگ، تین چیمپیئنز لیگ اور دو کوپا ڈیل رے کپ بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ فٹبال کے ماہرین میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کے حوالے سے کرسچیانو رونالڈو اور لائنل میسی کے درمیان موازنے کی بحث عام ہے۔

ایک کروڑ بیالیس لاکھ پچاس ہزار پاؤنڈ حاصل کرنے والے ریال میڈرڈ کے فارورڈ رونالڈو نے گزشتہ سال نومبر میں فیفا کی طرف سے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ اس سے قبل لگاتار تین سال سے یہ ایوارڈ میسی جیتتے آ رہے تھے۔