میسی کے بارسلونا اور ارجنٹائن کے لیے 400 گول

میسی ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان بھی ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنمیسی ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان بھی ہیں

بارسلونا فٹبال کلب کے لیے کھیلنے والے ارجنٹائن کے کھلاڑی لائنل میسی نے اپنے ملک اور کلب کے لیے 400 سے زیادہ گول کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

بارسلونا فٹبال کلب کے لیے کھیلنے والے لائنل میسی نے 400 گول کرنے پر کہا کہ انھوں نے کبھی اس بات کا تصور نہیں کیا تھا کہ وہ یہ کامیابی حاصل کر سکیں گے۔

چار مرتبہ سال کے بہترین فٹبال کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے 27 سالہ لائنل میسی نے غرناطہ کے خلاف بارسلونا کے میچ کے دوران 400 گول کرنے کا اعزاز حاصل کیا جس میں بارسلونا نے چھ صفر سے برتری حاصل کی۔

میسی ارجنٹائن کی قومی فٹبال ٹیم کے کپتان بھی ہیں۔

بارسلونا کے کوچ لوئس انریک نے کہا کہ ’ایسا لگ رہا تھا کہ میسی کو جادو کی چھڑی نے چھو لیا ہو۔‘

میسی نے اپنے کریئر کے دوران 506 مرتبہ میدان میں قدم رکھا جس کے دوران انھوں نے اپنے ملک کے لیے 42 گول، جبکہ بارسلونا میں 2004 میں شامل ہونے کے بعد کلب کے لیے 359 گول کیے۔

انھوں بہت حد تک موجودہ دور کا عظیم ترین فٹبال کھلاڑی تسلیم کیا جاتا ہے، خاص طور پر اس کے بعد سے جب سے انھوں نے بارسلونا کو 21 ٹرافیاں جتوائی ہیں، جن میں سے گذشتہ ایک دہائی کے دوران چھ لا لیگا اور تین چیپیمئنز لیگ ٹرافیاں شامل ہیں۔

2009 سے 2012 کے دوران وہ مسلسل ’بیلون ڈی اور‘ یعنی دنیا کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔

میسی نے اپنے فیس بُک پیج پر لکھا کہ ’میں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ میں اپنے کریئر میں ایسی کامیابی حاصل کر سکوں گا۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں مزید کامیابیوں کے حصول کے لیے محنت کرتا رہوں گا۔‘