میسی اور مولر میں گولڈن بال کے لیے مقابلہ

،تصویر کا ذریعہGetty
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2014 میں گولڈن بال ایوارڈ کے ممکنہ امیدوار کھلاڑیوں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
گولڈن بال ایوارڈ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی کو دیا جائے گا اور اس کا اعلان اتوار کو فائنل کے بعد ہوگا۔
2014 کے ورلڈ کپ کے ممکنہ بہترین کھلاڑیوں میں دس نام شامل ہیں۔
ان میں فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں سے ارجنٹائن کے تین کھلاڑی لیونیل میسی، آنخیل ڈی ماریا، اور ہاویئر ماشیرانو اور جرمنی کے میٹ ہملز، ٹونی کروز، فلپ لاہم اور ٹامس مولر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ فہرست میں کولمبیا کے جیمز رادریگز، برازیل کے نیمار اور ہالینڈ کے آئن رابن کے نام بھی ہیں۔
بہترین گول کیپر کے ایوارڈ ’گولڈن گلوو‘ کے لیے کوسٹاریکا کے کیلور نیواس، جرمنی کے مینوئل نوئر اور ارجنٹائن کے سرجیو رومیرو مقابلہ کریں گے۔

،تصویر کا ذریعہAP
ٹورنامنٹ کے بہترین نوجوان کھلاڑی کے لیے مقابلہ ہالینڈ کے میمفس دیپے اور فرانس کے پال پوگبا اور رافیل وران کے درمیان ہے۔
گولڈن بال کے علاوہ ان تمام ایوارڈ کا اعلان بھی تیرہ جولائی کو فائنل میچ کے بعد ہوگا۔
اسی موقع پر ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو گولڈن بوٹ بھی دیا جائے گا۔
اب تک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کولمبیا کے جیمز رادریگز کے چھ گول ہیں جبکہ فائنل کھیلنے والی ٹیموں میں سے جرمنی کے مولر پانچ گولوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
مولر نے 2010 کے ورلڈ کپ میں بھی گولڈن بوٹ حاصل کیا تھا اور دیکھنا یہ ہے کہ مولر فائنل میں مزید دو گول کر کے لگاتار دوسری بار گولڈن بوٹ جیتنے والے پہلے کھلاڑی بنتے ہیں یا نہیں۔



