آسٹریلیا کے خلاف ویسٹ انڈیز فاتح

کیرون پولارڈ نے جیت کا رن حاصل کرنے کے بعد فتح کا جشن اس طرح منایا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنکیرون پولارڈ نے جیت کا رن حاصل کرنے کے بعد فتح کا جشن اس طرح منایا

ویسٹ انڈیز میں جاری سہ فریقی ون ڈے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں میزبان ٹیم نے آسٹریلیا کو چار وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے سب سے زیادہ 98 رنز بنائے جبکہ کپتان سٹیون سمتھ نے 74 اور جارج بیلی نے 55 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، کارلوس بریتھویٹ اور کیرون پولارڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم نے مقرر ہدف 45 ویں اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شروع کے سارے کھلاڑیوں نے کچھ نہ کچھ رنز کا تعاون کیا لیکن سیموئلز نے سب سے زیادہ 92 رنز بنائے اور وہ بھی عثمان خواجہ کی طرح رن آوٹ ہوئے۔ بہر حال انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے دوسرا بڑا سکور اوپنر جانسن چارلس کا تھا۔ انھوں نے 48 رنز بنائے۔

عثمان خواجہ سنچری بنانے سے چوک گئے اور 98 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعثمان خواجہ سنچری بنانے سے چوک گئے اور 98 رنز پر رن آؤٹ ہو گئے

خیال رہے کہ اس میچ میں آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نہیں تھے اور ان کی جگہ عثمان خواجہ نے اوپننگ کی تھی۔

آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل اور ایڈم زیمپا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایک وکٹ جیمز فاکنر کے حصے میں آئی۔

اب تک ہونے والے ميچز میں آسٹریلیا کو چار میں سے دو میچوں میں کامیابی ملی ہے اور ویسٹ انڈیز کو تین ميچز میں سے دو میں کامیابی ملی ہے جبکہ تیسری ٹیم جنوبی افریقہ صرف ایک میچ جیت سکی ہے۔

چھٹا میچ 15 جون کو ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہوگا جبکہ فائنل 26 جون کو کھیلا جائے گا۔