’روسی شائقین دوبارہ لڑے تو روس نااہل ہو جائے گا‘

،تصویر کا ذریعہGetty

یورپی فٹ بال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے کہا ہے کہ یورو 2016 کے درمیان روسی شائقین لڑائی جھگڑوں کے واقعات میں ملوث پائے گئے تو روس کو کھیلوں سے نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

یوئیفا نے یہ فیصلہ ہفتے کے روز روس اور انگلینڈ کے شائقین کے درمیان مارسیے میں ہونے والی جھڑپوں کے بعد کیا ہے۔

یوئیفا نے روس کو نااہلی کی معطل سزا کے ساتھ ساتھ روسی فٹ بال ایسوسی ایشن پر ڈیڑھ لاکھ یورو کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

یوئیفا کا کہنا ہے کہ اگر یورو 2016 کے باقی میچوں کے درمیان روسی شائقین کے مزید جھگڑے ہوئے تو روس کو نااہل قرار دے دیا جائے گا۔

یورو 2016 میں روسی شائقین کا جھگڑوں میں ملوث ہونے کے بعد کئی شائقین کو فرانس سے ملک بدر کیا جا رہا ہے۔

،تصویر کا ذریعہPA

نااہلی اور جرمانے کی یہ سزا صرف ان جھگڑوں کے حوالے سے ہے جو سٹیڈیم کے اندر ہوتے ہیں۔ یوئیفا کے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی جاسکتی ہے۔

روس پر شائقین کی جانب سے نسل پرستی اور میچ کے دوران آتشبازی چلانے کے بھی الزامات لگائے گئے ہیں۔