اینڈی مرے کو شکست، جوکووچ فرنچ اوپن کے فاتح

،تصویر کا ذریعہGETTY
عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نواک جوکووچ نے فرنچ اوپن کے فائنل میں برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو شکست دے کر پہلی بار فرینچ اوپن کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔
فرنچ اوپن جیتنے کے بعد سربیا سے تعلق رکھنے والے نواک جوکووچ نے بیک وقت چاروں گرینڈ سلیم ٹائٹل اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
اتوار کو پیرس میں کھیلے گئے فائنل میں نواک جوکووچ نے یہ مقابلہ تین چھ ، چھ ایک، چھ دو اور چھ چار سے جیتا۔
اینڈی مرے نے پہلے سیٹ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ سیٹ اپنے نام کیا جس کے بعد برطانوی شائقین میں امید پیدا ہو گئی تھی کہ شاید 81 برس بعد کوئی برطانوی کھلاڑی فرنچ اوپن جیتنے میں کامیاب ہو جائے۔
نواک جوکووچ نے اگلے تینوں سیٹس میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے برطانوی حریف کو مکمل آوٹ کلاس کر دیا۔
فرنچ اوپن کے فائنل میں کامیابی کے بعد نواک جوکووچ کے گرینڈ سلیم کی تعداد 12 ہوگئی ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
اس سے قبل سنیچر کو ہونے والے خواتین کے فائنل میں سپین کی کھلاڑی گاربین موگوروزا نے فرنچ اوپن میں عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کو شکست دے کرفرنچ اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔
گاربین موگوروزا کا یہ پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل ہے۔
عالمی نمبر چار گاربین موگوروزا نے یہ مقابلہ سات پانچ، چھ چار سے جیت کر گذشتہ سال ویمبلڈن کے فائنل میں سرینا ولیمز کے ہاتھوں شکست کا حساب برابر کر دیا۔
سنہ 1998 میں آرنٹزا سانشیز ویکاریو کے بعد 22 سالہ گاربین سپین کی پہلی خاتون کھلاڑی ہیں جنھوں نے فرنچ اوپن جیتا ہے۔
سرینا ولیمز کی یہ میچ جیت کر اپنا 22 واں سنگل گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کر نے اور سٹیفی گراف کا ریکارڈ برابر کر نے خواہش پوری نہ ہو سکی۔



