یاسر شاہ کو فٹ ہونے میں پانچ ہفتے لگیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر یاسر شاہ کو گھٹنے کی تکلیف سے صحت یاب ہونے میں چار سے پانچ ہفتے لگیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کو اس دوران فزیکل تھیراپی کرانی ہوگی اور بحالی کے اس پروگرام میں مہینہ لگے گا۔
یاد رہے کہ یاسر شاہ گھٹنے کی تکلیف کے سبب ایبٹ آباد میں ہونےوالے پاکستانی ٹیم کے تربیتی کیمپ سے باہر ہوگئے ہیں۔
اگر وہ مکمل فٹ ہوگئے تو انگلینڈ کے دورے میں ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوسکیں گے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ چودہ جولائی سے لارڈز میں کھیلا جائے گا۔
یاسر شاہ کو گھٹنے کی یہ تکلیف گزشتہ نومبر میں انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی ون ڈے سیریز کے دوران ہوئی تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
اسی دوران وہ مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی زد میں بھی آگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں تین ماہ کی معطلی کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ نیوزی لینڈ کے دورے، پاکستان سپر لیگ، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے باہر رہے تھے۔
انگلینڈ کے دورے کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا اعلان جون کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم کا کیمپ ہمپشائر کاؤنٹی میں بھی لگانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ کھلاڑی وہاں کے موسم اور وکٹوں سے خود کو جلد سے جلد ہم آہنگ کرسکیں۔
یاسر شاہ کی اس کیمپ میں شرکت یقینی نہیں۔
دوسری جانب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین محمد حفیظ کے گھٹنے کا علاج جاری ہے ۔ یہ تکلیف انہیں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے دوران ہوئی تھی جس کی وجہ سے وہ صرف دو میچز کھیلنے میں کامیاب ہوسکے تھے۔



