آئی سی سی نے سپنر یاسر شاہ پر تین ماہ کی پابندی عائد کر دی

،تصویر کا ذریعہGetty
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی بولر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر ان پر تین ماہ کی پابندی عائد کر دی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے پابندی لگائے جانے کے باعث سپنر یاسر شاہ پر مارچ 27 تک پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئی سیریز کے موقع پر یاسر شاہ کا ڈوپ ٹیسٹ ہوا تھا۔ 27 دسمبر کو آئی سی سی نے مثبت ڈوپ ٹیسٹ کی وجہ سے انہیں عارضی طور پر معطل کردیا تھا۔
یاسرشاہ کے ڈوپ ٹیسٹ میں کلورٹالیڈون نامی عنصر سامنے آیا ہے جو واڈا کے قوانین کے مطابق ایک ممنوع دوا ہے۔
اخباری اطلاعات کے مطابق یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے بلڈ پریشر کے لیے اپنی بیوی کی دوا استعمال کی تھی۔
واڈا کے قوانین کے تحت معطل کھلاڑی اپنے بی سمپل کے ٹیسٹ کا کہہ سکتا ہے اور اگر وہ ایسا نہ چاہے تو پھر 14 روز میں اسے اپنی معطلی کے فیصلے پر اپیل کاحق حاصل ہوتا ہے۔
انتیس سالہ یاسر شاہ گزشتہ سال پاکستان کے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے تھے انھوں نے ٹیسٹ میچوں میں 49 وکٹیں حاصل کی تھیں اور ان کی شاندار بولنگ کے نتیجے میں پاکستان نے سری لنکا اور انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتی تھیں۔



