’یاسر شاہ اس وقت دنیا کے بہترین لیگ سپنر ہیں‘

’یاسر میں میرے مقابلے پر زیادہ قدرتی صلاحیت موجود ہے‘

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن’یاسر میں میرے مقابلے پر زیادہ قدرتی صلاحیت موجود ہے‘
    • مصنف, عبدالرشید شکور
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، شارجہ

شہرۂ آفاق آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن نے پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کو ان کی بولنگ کے بارے میں مفید مشورے دیے ہیں۔

کلائی کے زور سے گیند گھمانے والے دونوں سپنروں کی ملاقات جمعرات کے روز شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہوئی جس کی خواہش شین وارن نے ظاہر کی تھی اور پاکستانی ٹیم کے مینیجر انتخاب عالم نے انھیں پاکستانی ٹیم کی پریکٹس میں آ کر یاسر شاہ کے ساتھ بولنگ کی اجازت دی تھی۔

شین وارن تقریباً ڈیڑھ گھنٹے یاسر شاہ کے ساتھ میدان میں رہے اور انھوں نے خود بولنگ کر کے یاسر شاہ کو لیگ سپن کے مختلف رموز بتائے۔ اس موقعے پر پاکستانی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم اور بولنگ کوچ مشتاق احمد بھی موجود تھے۔

پریکٹس سیشن کے بعد شین وارن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے جب سے یاسرشاہ کو دیکھا ہے وہ ان کے زبردست مداح ہیں۔

شین وارن کے کہا کہ ان کے خیال میں یاسر شاہ اس وقت دنیا کے بہترین لیگ سپنر ہیں اور ان کے ہاتھ سے جس طرح گیند نکلتی ہے وہ انھوں نے اپنے طویل کریئر میں کسی بھی دوسرے بولر کی نہیں دیکھی۔

انھوں نے چند بنیادی باتیں یاسر کو بتائی ہیں کہ وہ تیز تیز گیند کرنے کے بجائے کچھ وقت لیا کریں اور صبر سے بولنگ کریں۔

شین وارن نے کہا کہ یاسر میں ان کے مقابلے میں زیادہ قدرتی صلاحیت موجود ہے اگر وہ صرف اپنی رفتار پر قابو کر لیں تو وہ انتہائی خطرناک لیگ سپنر ہوں گے۔

وارن نے کہا کہ چونکہ یاسر شاہ اس وقت انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیل رہے ہیں لہٰذا سیریز کے دوران تکنیکی باتیں بتانے کی ضرورت نہیں ہے، انھیں صرف یہ بتایا ہے کہ وہ بیٹسمینوں کے خلاف کس طرح حکمت عملی بنائیں اور اس کے مطابق بولنگ کریں اور اپنی گیندوں میں کس طرح زیادہ باؤنس لائیں۔

شین وارن کا کہنا ہے کہ جب وہ یاسر شاہ کو یہ باتیں بتا رہے تھے تو انھوں نے نیٹ میں یہ کر کے بھی دکھایا اور ان کے چہرے پر بھرپور مسکراہٹ بھی تھی جس کا مطلب یہ ہے کہ انھیں ان کی باتیں اچھی طرح سمجھ میں آگئی تھیں۔

’اگر وہ صرف اپنی رفتار پر قابو کر لیں تو وہ انتہائی خطرناک لیگ سپنر ثابت ہوں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشن’اگر وہ صرف اپنی رفتار پر قابو کر لیں تو وہ انتہائی خطرناک لیگ سپنر ثابت ہوں گے‘

شین وارن کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ نے ابھی زیادہ ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے ہیں لیکن مسلسل فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے سےانھیں اپنی کارکردگی میں بہتری لانے میں بہت مدد ملی ہے۔

یاسر شاہ نے اس موقعے پر کہا کہ وہ پہلے بھی شین وارن سے ملے تھے لیکن اس بار باقاعدہ ان سے سیکھنے کا موقع ملا ہے اور وہ اس ملاقات کے لیے بہت پرجوش اور خوش تھے۔

یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ وارن نے ان کے بولنگ ایکشن اور رن اپ پر مکمل اطمینان ظاہر کیا اور کہا کہ وہ اپنی رفتار کو کم کریں اور ہر گیند کرنے کے لیے وقت لیا کریں اور جلدی نہ کریں۔

یاسر شاہ نے کہا کہ چونکہ ابھی سیریز جاری ہے، لہٰذا وہ سیریز کے بعد شین وارن کے بتائے ہوئے مشوروں پر نیٹ میں جا کر عمل کریں گے۔