’شین وارن یاسر شاہ کو سکھانا چاہتے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دبئی
آسٹریلوی شہرۂ آفاق لیگ اسپنر شین وارن نے شارجہ ٹیسٹ سے قبل پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو مفید مشورے دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سات سو آٹھ وکٹیں حاصل کرنے والے شین وارن یاسر شاہ کی صلاحیتوں کے معترف رہے ہیں۔
وہ ایک گالف ٹورنامنٹ کی تشہیر کے سلسلے میں دبئی پہنچنے والے ہیں جس کے بعد انہیں امریکہ جانا ہے جہاں انھوں نے سچن تندولکر کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی ایک سیریز ترتیب دے رکھی ہے۔
شین وارن کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ٹریننگ کرکے انہیں خود بھی بولنگ کی پریکٹس ملے گی کیونکہ انہیں امریکہ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی میچوں میں بھی بولنگ کرنی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ وہ یاسر شاہ کو بھی لیگ اسپن بولنگ کے بارے میں کچھ بتاسکیں گے جو ان کے خیال میں اس وقت دنیا کے بہترین لیگ اسپنر ہیں۔
واضح رہے کہ دبئی ٹیسٹ میں آٹھ وکٹیں حاصل کرنے کے بعد یاسر شاہ آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
شین وارن نے کہا کہ انھوں نے پاکستان اور انگلینڈ کے دبئی ٹیسٹ کا کچھ حصہ ٹی وی پر دیکھا۔ وہ سمجھتے ہیں کہ یاسر شاہ ایک زبردست بولر ہیں۔ انہیں تیز تیز گیندیں کرانے کے بجائے رفتار کچھ کم کرنی ہوگی اور صبر کامظاہرہ کرنا ہوگا۔
شین وارن شارجہ ٹیسٹ سے قبل انگلینڈ کی ٹریننگ میں بھی جانا چاہتے ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم انہیں خوش آمدید نہیں کہے گی حالانکہ ان کی ٹیم میں بھی ایک لیگ اسپنر عادل رشید موجود ہیں اور وہ عادل رشید کو بھی دیکھنا چاہتے ہیں۔
شین وارن کی اس خواہش کے بارے میں پاکستانی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی عظیم کرکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے رہے ہیں اور اگر شین وارن ایسا چاہتے ہیں کہ تو انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔



