یاسر شاہ، سہیل خان کو سنٹرل کنٹریکٹ مل گیا

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام, کراچی
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹرز کو دیے گئے سینٹرل کنٹریکٹ میں عالمی کپ تک توسیع کردی ہے ساتھ ہی اس میں یاسر شاہ اور سہیل خان کا بھی اضافہ کردیا گیا ہے جنہیں ڈی کیٹگری دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال اکتیس کرکٹرز کو چار مختلف کیٹگریز میں سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے جن کی میعاد دسمبر میں ختم ہوگئی تھی تاہم اب کرکٹ بورڈ نے اس میں اس سال اکتیس مارچ تک کی توسیع کردی ہے ۔
سینٹرل کنٹریکٹ کا تعین کرنے والی کمیٹی میں ذاکرخان، معین خان، ہارون رشید اور وقاریونس شامل ہیں۔

،تصویر کا ذریعہ
سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹگری میں چھ کرکٹرز مصباح الحق۔ یونس خان۔ محمد حفیظ۔ سعید اجمل۔ شاہد آفریدی اور جنید خان شامل ہیں۔
بی کیٹگری میں احمد شہزاد، عمرگل اور عمراکمل موجود ہیں۔
سی کیٹگری میں اسد شفیق، اظہرعلی، عدنان اکمل، خرم منظور، ناصرجمشید اور عبدالرحمان شامل ہیں۔
اٹھارہ کرکٹرز ڈی کیٹگری میں ہیں جن میں صہیب مقصود، سرفراز احمد، بلاول بھٹی، شرجیل خان، ذوالفقاربابر، فوادعالم، احسان عادل، محمد عرفان، وہاب ریاض، رضاحسن، عمرامین، حارث سہیل، راحت علی، شان مسعود، محمد طلحہ، انور علی، یاسر شاہ اور سہیل خان شامل ہیں۔



