یونس خان کو ٹورنامنٹ چھوڑنے پر شوکاز نوٹس جاری

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین یونس خان کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
ساتھ ہی اس نے یونس خان کو دوبارہ پاکستان کپ میں کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے اور میچ ریفری کی جانب سے میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ بھی برقرار رکھا ہے۔
واضح رہے کہ یونس خان نے پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریارخان سے فون پر رابطہ کرکے ان سے پاکستان کپ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر معافی مانگی تھی اور دوبارہ پاکستان کپ کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔
یونس خان امپائرنگ کے معیار سے ناراض ہوکر پاکستان کپ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں خیبر پختون خوا کی قیادت کررہے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ یونس خان سینٹرل کنٹریکٹ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔چونکہ یہ معاملہ ابھی زیرسماعت ہے لہذا یونس خان کو پاکستان کپ میں دوبارہ کھیلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اظہار وجوہ کے نوٹس کے جواب میں یونس خان کو اپنی وضاحت کے لیے سات دن دیے گئے ہیں۔ا ن کی جانب سے جواب کے بعد ہی یہ معاملہ مزید آگے بڑھے گا۔



