یونس خان ناراض ہو کر پاکستان کپ سے دستبردار

،تصویر کا ذریعہGetty images
پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان پاکستان کپ میں ناقص امپائرنگ کے خلاف احتجاج کے بعد ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق یونس خان ٹورنامنٹ میں ناقص امپائرنگ کی وجہ سے مطمئن نہیں تھے۔
پاکستان کے مقامی میڈیا کے مطابق یونس خان پاکستان کپ میں خیبرپختونخوا کی قیادت کر رہے تھے۔
یونس خان کی جانب سے پاکستان کپ میں خیبرپختونخوا کی قیادت چھوڑنے کے بعد اب احمد شہزاد ٹیم کی قیادت کریں گے۔
یونس خان پنجاب کی ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں امپائرنگ سے مایوس نظر آئے اگرچہ ان کی ٹیم نے یہ میچ دو رنز سے جیت لیا تھا۔
اس سے پہلے یونس خان نے اسلام آباد کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے میچ میں امپائر کی جانب سے مصباح الحق کو آؤٹ نہ دینے پر احتجاج کیا تھا۔
اس میچ میں ایک موقع پر اسلام آباد کی تین وکٹیں صرف نو رنز پر گر گئی تھیں جس کے بعد مصباح نے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 82 رنز کی اہم اننگز کھیل کر اسلام آباد کو کامیابی دلائی تھی۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ فیصل آباد کی جانب سے فیصل آباد میں ’پاکستان کپ‘ کے نام سے ون ڈے ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔



