2020 اولمپکس اور پیرالمپکس کے لوگو جاری

اس لوگو کو ہارمونائزڈ چیکرڈ امبلم کا نام دیا گيا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناس لوگو کو ہارمونائزڈ چیکرڈ امبلم کا نام دیا گيا ہے

ٹوکیو میں سنہ 2020 میں ہونے والے اولمپکس اور پیرا اولمپکس کھیلوں کے ’امبلم‘ یا نشانات باضابطہ طور پر جاری کر دیے گئے ہیں۔

جاپان میں اولمپکس کے منتظمین نے پیر کو یہ لوگوز جاری کیے ہیں۔

یہ نیا لوگو اس پہلے لوگو کی جگہ لے گا جسے گذشتہ سال اس لیے مسترد کر دیا گيا تھا کہ اس کے ڈیزائنر پر ڈیزائن چوری کرنے کا الزام لگا تھا۔

بہرحال ڈیزائنر نے اس الزام سے انکار کیا تھا۔

منتظمین کا کہنا ہے کہ نئے ڈیزائن میں روایتی جاپانی رنگوں اور نمونوں کا استعمال کرتے ہوئے کھیل کی مختلف ثقافتی ’تھیم‘ کو پیش کیا گيا ہے۔

مسترد کیا جانے والا لوگو ایک تھيئٹر لوگو کی نقل نظر آتا ہے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنمسترد کیا جانے والا لوگو ایک تھيئٹر لوگو کی نقل نظر آتا ہے

انھوں نے کہا: ’اس میں کثرت میں وحد کا پیغام پنہاں ہے‘ اور ان کھیلوں کے ذریعے ’تنوع کو فروغ دیے جانے کی کوشش ہے تاکہ اس پلیٹفارم پر دنیا کو جوڑا جا سکے۔‘

نئے لوگو کے ڈیزائنر آساؤ ٹوکولو نے کہا کہ جب انھیں یہ پتہ چلا کہ وہ یہ مقابلہ جیت گئے ہیں تو ان کے ’دماغ نے کام کرنا بند کر دیا۔‘

انھوں نے کہا: ’میں نے اس میں بہت محنت اور وقت صرف کیا ہے جیسے یہ میرا بچہ ہو۔‘

پہلے والے لوگو کو اس وقت مسترد کر دیا گیا جس میں بلجیئم کے فنکار اولیویئر ڈیبی نے کہا تھا کہ یہ ان کے ایک تھیئٹر کے لوگو کی نقل ہے۔

اولمپکس مقابلوں کی کمیٹی نے چوری کے الزام پر یقین نہیں کیا لیکن انھوں نے اسے اس لیے مسترد کردیا کہ اس پر بہت زیادہ شک و شبہ ہونے لگا تھا۔