اذلان شاہ ہاکی: پاکستان کو انڈیا کے ہاتھوں شکست

،تصویر کا ذریعہGetty
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں مایوس کن کھیل پیش کرتے ہوئےانڈیا سے ایک کے مقابلے میں پانچ گول سے ہارگئی۔
یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کی چار میچوں میں تیسری شکست ہے۔ جبکہ انڈیا نے چار میچوں میں تیسری کامیابی حاصل کی ہے۔
پاکستانی ٹیم کسی بھی مرحلے میں متاثر کن کھیل کا مظاہرہ نہیں کر پائی اور انڈین ٹیم چاروں کوارٹرز میں اس پر چھائی رہی۔
انڈیا کی ٹیم نے پاکستان کے خلاف مچ میں چار فیلڈ گول کیے۔
اس نے تیسرے ہی منٹ میں من پریت سنگھ کے ذریعے سبقت حاصل کر لی تھی۔
پاکستان نے کپتان محمد عرفان کے گول کے ذریعے مقابلہ برابر کر دیا لیکن اس کے بعد انڈین ٹیم نے کھیل پر کنٹرول حاصل کیا اور اس کوشش میں وہ مزید چار گول کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
ایس وی سنیل نے دو گول کیے جبکہ تلوندر سنگھ اور روپیندر پال سنگھ ایک، ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔
اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے دفاعی چیمپیئن نیوزی لینڈ کو ایک گول سے ہرا دیا۔
یہ آسٹریلیا کی مسلسل چوتھی کامیابی اور نیوزی لینڈ کی ٹورنامنٹ میں پہلی شکست تھی۔
آسٹریلوی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔
نیوزی لینڈ کے پانچ میچوں میں آٹھ پوائنٹس ہیں جبکہ انڈیا کے چار میچوں میں نو پوائنٹس ہیں۔



