ہاکی کوچ قمر ابراہیم نے استعفیٰ دے دیا

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, عبدالرشید شکور
- عہدہ, بی بی سی اْردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق رکن اور اولمپیئن قمر ابراہیم نے قومی ہاکی ٹیم کے کوچ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
قمرابراہیم نے اپنے استعفے کی وجہ گھریلو اور کاروباری مصروفیات بتائی ہے تاہم اس کا اصل سبب انھیں ہیڈ کوچ کی بجائے کوچ بنایا جانا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد نے نو دسمبر کو بی بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں قمر ابراہیم کو پاکستانی ہاکی ٹیم کا چیف کوچ بنائے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحیثیت کوچ ان کا پہلا ایونٹ اپریل میں ہونے والا سلطان اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ہوگا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 27 دسمبر کو جاری کردہ پریس ریلیز میں جس ٹیم منیجمنٹ کا اعلان کیا تھا اس کے مطابق سابق اولمپیئن حنیف خان مینیجر اور قمرابراہیم چیف کوچ مقرر کیے گئے تھے لیکن ایک ہی دن بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے دوسری پریس ریلیز جاری کر دی جس میں حنیف خان کو مینیجر کے ساتھ ساتھ چیف کوچ اور قمرابراہیم کو صرف کوچ بنائے جانے کا اعلان موجود تھا۔
47 سالہ قمرابراہیم اس وقت کراچی میں جاری قومی ہاکی چیمپیئن شپ کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر بھی ہیں۔
پاکستانی ہاکی ٹیم حالیہ دنوں میں انتہائی مایوس کن صورت حال سے دوچار ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد وہ پہلی مرتبہ اولمپکس میں بھی شرکت سے محروم ہو چکی ہے۔



