کرکٹ کا حال وزیرِ اعظم کو سنانے کی خواہش

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے ٹیم کی ناقص کارکردگی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے بارے میں اپنے تحفظات سے حکومت کو آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں وقار یونس نے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط اور کھیل ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی زبوں حالی کے بارے میں اور پی سی بی کے بارے میں تحفظات پر مبنی ایک خفیہ رپورٹ وزیر کھیل کو دی ہے۔
انھوں نے کہا کہ رپورٹ میں وہی چیزیں ہیں جو پہلے ہی میڈیا میں آ چکی ہیں۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی 20 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی اور کپتان شاہد آفریدی سمیت دیگر کھلاڑیوں کے غیر سنجیدہ رویوں پر منبی رپورٹ کرکٹ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو جمع کروائی تھی۔
اس رپورٹ کے چند اقتباسات میڈیا میں شائع ہونے پر وقار یونس بہت ناراض ہیں۔ وقار یونس نے اسی معاملے پر ریاض پیر زادہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرنے کے لیے ملاقات کی۔
بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کھیل نے پی سی بی کو جمع کروائی گئی رپورٹ کے نکات افشا ہونے پر کہا کہ ’یہ اداروں کی ناکامی ہے۔ جب اداروں میں راز داری نہ رہے تو ایسا لگتا ہے کہ لڑائی ہو رہی ہے اور کمزوریاں کھل کر سامنے آتی ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف ہیں اور کرکٹ میں انھیں بہت دلچسپی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’میں وقار کی رپورٹ سے وزیراعظم کو آگاہ کروں گا اور وہ بھی اس معاملے پر پی سی بی سمیت سب کو ضرور بلائیں گے۔‘
وقار یونس نے کہا کہ وزیراعظم کو دی گئی رپورٹ میں انھوں نے اپنے تمام تجربات اور تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے اور کہا کہ ’امید ہے کہ ان چیزوں عمل درآمد ہو گا۔‘



