کشمیر کا ذکر کیوں کیا؟ آفریدی پر تنقید

انڈین کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر نے بدھ کو پاکستانی سٹار کرکٹر شاہد آفریدی کو متنبہ کرتے ہوئے سیاسی بیانات سے پرہیز کرنے کے لیے کہا ہے۔
انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انوراگ ٹھاکر نے گذشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس کے بعد پاکستانی ٹی20 ٹیم کے کپتان کی جانب سے دیے جانے والے ایک جواب کا نوٹس لیتے ہوئے یہ بات کہی۔
شاہد آفریدی نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ ’آج یہاں ہمارے بہت سے مداح ہیں۔ بہت سے لوگ کشمیر سے بھی ہماری حمایت میں آئے ہیں۔‘
اس بیان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ’اس طرح کے بیان سیاسی طور پر درست نہیں ہیں۔ ایک کھلاڑی کو ان سے چیزوں سے دور رہنا چاہیے۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’یہی وجہ ہے کہ انھیں پاکستان میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا گيا ہے۔‘
بظاہر انوراگ ٹھاکر نے شاہد آفریدی کے کولکتہ میں دیے جانے والے بیان کے تناظر میں یہ بات کہی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ انھیں ’<link type="page"><caption> انڈیا میں زیادہ پیار ملا ہے</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/sport/2016/03/160314_afridi_social_atk.shtml" platform="highweb"/></link>‘ اور اس پر پاکستان میں شدید تنقید کی گئي تھی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
موہالی میں ٹاس ہارنے کے بعد جب رمیز راجہ نے بطور کمینٹیٹر ان سے کہا تھا کہ ’ایسا لگتا ہے کہ یہاں آپ کے بہت مداح ہیں‘ تو جواب میں آفریدی نے ہامی بھرتے ہوئے کشمیر کا ذکر کیا تھا۔
انھوں نے کولکتہ کے کرکٹ شائقین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے کہا: ’میں کولکتہ کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے ہماری بھی حمایت کی۔‘
موہالی میں نیوزی لینڈ سے 22 رنز سے میچ ہارنے کے بعد آفریدی نے واضح اشارہ دیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف میچ ان کا آخری میچ ہو سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق کولکتہ میں انڈیا کے خلاف اہم میچ میں شکست کے بعد یہ باتیں ہونے لگی ہیں کہ اب انھیں ٹی20 کی کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا۔



