ہالینڈ نے بھی جیت کا ذائقہ چکھ ہی لیا

آئرلینڈ کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا جبکہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا رہا

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنآئرلینڈ کا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا جبکہ ایک میچ میں اسے شکست کا سامنا رہا

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے میچ میں ہالینڈ نے آئرلینڈ کو 12 رنز سے شکست دے دی ہے۔

ہالینڈ کی جانب سے دیے گئے 60 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ چھ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 47 رنز ہی بنا پائی۔

آئرلینڈ کی جانب سے پال میکرین نے دو اوورز میں 11 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ انھوں اس میچ میں دو بار ہیٹ ٹرک کرنے کا موقع بھی ملا تھا۔

دھرم شالہ میں کھیلے جانے والے اس میچ کو بارش کے باعث چھ، چھ اوورز تک محدود کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے ہالینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تو مقررہ چھ اوورز میں ہالینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنائے۔

ہالینڈ کی جانب سے سٹیفن مے برگ نے 27 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔

یہ دونوں ٹیمیں ورلڈ ٹی 20 مقابلوں کے سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی ہیں۔

اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں سے دو، دو میں انھیں شکست ہوئی جبکہ ان کا ایک ایک میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔

اس گروپ سے سپر 10 مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے اومان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں اتوار کو ہی میدان میں اتریں گی اور اس میچ کی فاتح ٹیم 16 مارچ کو سپر 10 مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔

آئرلینڈ کی ٹیم: ڈبلیو ٹی اے پورٹر فیلڈ (کپتان)، پال سٹرلنگ، گیری ولسن، نیال او برائن، کیون او برائن، اینڈریو پوائنٹر، اینڈی میک برائن، میکس سورنسین، جارج ڈاکریل، ٹم مرٹگھ اور بوائڈ رینکن۔

نیدرلینڈس کی ٹیم: سٹیفن مائبرگ، وزلی باریسی، بین کوپر، ٹوم کوپر، پیٹر بورین (کپتان)، آر وانڈر مرو، مدثر بخاری، پیٹر سیلار، احسن ملک، ٹم گوگٹن اور پال مکرین۔