بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کا میچ بھی بارش کی وجہ سے منسوخ

تمیم اقبال نے 26 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنتمیم اقبال نے 26 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی 20 کرکٹ مقابلوں کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں جمعے کو بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کی ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا ہے۔

دھرم شالہ میں کھیلا جانے والا یہ میچ بارش کی وجہ سے پہلے ہی فی اننگز 12 اوورز تک محدود کیا گیا تھا اور اس میچ میں آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔

تاخیر سے آغاز کے بعد جب بنگلہ دیش کی اننگز کے آٹھویں اوور میں بارش دوبارہ شروع ہوئی تو کچھ انتظار کے بعد امپائرز نے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

جب کھیل ختم کیا گیا تو بنگلہ دیش نے آٹھ اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 94 رنز بنائے تھے۔

اس سکور میں تمیم اقبال کے 26 گیندوں پر چار چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 47 رنز بھی شامل تھے۔

یہ کوالیفائنگ راؤنڈ میں دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ تھا۔

بنگلہ دیش نے جہاں پہلے میچ میں ہالینڈ کو تمیم اقبال کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت آٹھ رنز سے شکست دی تھی وہیں آئرلینڈ کو اومان کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس گروپ میں اومان اور ہالینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر بنگلہ دیش اور اومان تین، تین پوائنٹس کے ساتھ موجود ہیں۔

ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دونوں گروپوں سے ایک ایک ٹیم اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرے گی۔

بنگلہ دیش، اومان، آئرلینڈ اور ہالینڈ کے گروپ سے اگلے مرحلے میں جانے والی ٹیم سپر 10 مرحلے میں اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو کولکتہ میں پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔